
ریلوے پولیس نے بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے 249 مسافروں کو پکڑا
جموں، 23 مارچ (ہ س)۔ نوراتری کے موقع پر مسافروں کی بڑھتی ہوئی بھیڑ کے پیش نظر جموں ریلوے ڈویژن نے کٹرا-پٹھانکوٹ ریلوے سیکشن پر خصوصی ٹکٹ چیکنگ مہم چلائی، جس کے دوران بغیر ٹکٹ یا بے ضابطہ ٹکٹ کے سفر کرنے والے 249 مسافروں کو پکڑا گیا۔ حکام کے مطابق اس خصوصی مہم کا مقصد تہوار کے دوران عقیدت مندوں اور دیگر مسافروں کے لیے آرام دہ اور منظم سفر کو یقینی بنانا تھا۔ اس دوران مختلف ٹرینوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر چیکنگ کی گئی اور خلاف ورزی کرنے والوں سے موقع پر مجموعی طور پر 1.10 لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔
ریلوے حکام نے بتایا کہ یہ اقدام خاص طور پر درشن کے لیے آنے والے عقیدت مندوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کیا گیا۔ اس مہم کی نگرانی سینئر ڈویژنل کمرشیل منیجر اُچِت سنگھل نے کی، جبکہ ٹکٹ چیکنگ اسٹاف اور آر پی ایف کے اہلکاروں نے کٹرا سے پٹھانکوٹ تک مشترکہ طور پر کارروائی انجام دی۔ حکام نے مزید بتایا کہ پورے ڈویژن میں اس طرح کی مہم روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے تاکہ مسافروں کی حفاظت، سہولت اور منظم سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس دوران مسافروں کو ٹکٹنگ اور سفری خدمات کے لیے ریل ون موبائل ایپ کے استعمال اور اس کے فوائد کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
اُچِت سنگھل نے خبردار کیا کہ بغیر درست ٹکٹ کے سفر کرنے والوں کے خلاف ریلوے ایکٹ کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی اور مسافروں سے اپیل کی کہ وہ ضابطے کی پابندی کریں اور صرف درست ٹکٹ کے ساتھ سفر کریں۔جموں ریلوے ڈویژن نے کہا کہ تہوار کے دوران بڑے اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں چیکنگ مزید سخت کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر