
ممبئی ، 23 مارچ (ہ س)۔ ستارا ضلع پریشد کے صدر کے انتخاب کے دوران مبینہ پولیس کارروائی کو لے کر مہاراشٹر اسمبلی میں ہنگامہ خیز بحث ہوئی، جس کے دوران وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے مکمل تحقیقات کا
اعلان کیا۔ انہوں نے 23 مارچ 2026 کو ایوان میں کہا کہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور اس کی گہرائی سے جانچ کر سچ عوام کے سامنے رکھا جائے گا۔
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے الزام لگایا کہ انتخاب سے قبل دو کارپوریٹروں کے خلاف پرانے کیس کو بنیاد بنا کر کارروائی کی گئی اور انہیں ووٹنگ میں حصہ لینے سے روک دیا گیا، جو جمہوری اصولوں کے خلاف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کارروائی کی قیادت ضلع پولیس سربراہ تشار دوشی نے کی اور اس دوران ایک وزیر کے ساتھ بھی بدسلوکی کی گئی، جس سے معاملہ مزید سنگین ہو گیا۔
ایکناتھ شندے کے مطابق یہ ایک غیر معمولی واقعہ ہے کیونکہ ملک میں قیدیوں کو بھی ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہے، لیکن یہاں منتخب نمائندوں کو ہی ووٹنگ سے محروم کر دیا گیا۔
اس معاملے کو سب سے پہلے قانون ساز کونسل میں وزیر شمبھوراجے دیسائی نے اٹھایا، جس پر نائب چیئرپرسن نیل گورے نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے متعلقہ پولیس افسر کی معطلی کی ہدایت دی۔
بعد میں کونسل کے چیئرمین رام شندے نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کر کے اس معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، جس کے بعد حکومت نے تحقیقات کی یقین دہانی کرائی۔
حکام کے مطابق اس معاملے میں تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ ذمہ دار افراد کا تعین کیا جا سکے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے