موجودہ مسائل کا بہترین حل آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا ہے : بین الاقوامی توانائی ایجنسی
کینبرا،23مارچ(ہ س)۔بین الاقوامی توانائی ایجنسی (IEA) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فاتح بیرول نے اس بات پر زور دیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورت حال انتہائی خطرناک ہے۔آج پیر کے روز کینبرا کے نیشنل پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کے دوران فاتح بیرول نے کہا کہ مشرق
موجودہ مسائل کا بہترین حل آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا ہے : بین الاقوامی توانائی ایجنسی


کینبرا،23مارچ(ہ س)۔بین الاقوامی توانائی ایجنسی (IEA) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فاتح بیرول نے اس بات پر زور دیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورت حال انتہائی خطرناک ہے۔آج پیر کے روز کینبرا کے نیشنل پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کے دوران فاتح بیرول نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کا موجودہ بحران 70 کی دہائی کے دونوں تیل بحرانات کے مجموعے سے بھی زیادہ بد تر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ مسائل کا بہترین حل آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا ہے۔

روئٹرز کے مطابق انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت دنیا بھر کی حکومتوں سے مشاورت جاری ہے اور اگر ضرورت پڑی تو تیل کے مزید ہنگامی ذخائر نکالے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایشیا میں ایندھن کی کمی کا مسئلہ مزید شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، تاہم خام تیل کی کوئی ایسی مخصوص قیمت مقرر نہیں ہے جس پر پہنچنے کے بعد تیل کے مزید ذخائر نکالنا لازمی ہو۔فاتح بیرول نے یہ بھی کہا کہ آسٹریلوی حکومت ایندھن کے ذخائر بڑھانے کی پوری کوشش کر رہی ہے، جبکہ عالمی معیشت کو آج ایک بڑے خطرے کا سامنا ہے۔ انہوں نے گفتگو کا اختتام یہ کہتے ہوئے کیا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ اس صورت حال کا جلد از جلد کوئی حل نکل آئے گا۔یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کی شام ایران کو بحری جہاز رانی کے لیے آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت دی تھی اور دھمکی دی تھی کہ بصورتِ دیگر ایران کا توانائی کا بنیادی ڈھانچہ تباہ کر دیا جائے گا۔دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں پر عمل کیا تو آبنائے ہرمز مکمل طور پر بند کر دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ایرانی فوج نے بھی دھمکی دی ہے کہ اگر ملک کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا تو وہ خطے میں امریکہ کی توانائی اور پانی کی تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے۔ جبکہ ایرانی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ فوج دشمن کے مکمل ہتھیار ڈالنے تک شدت سے لڑائی جاری رکھے گی۔واضح رہے کہ حالیہ ایرانی حملوں کے باعث آبنائے ہرمز عملی طور پر بند ہو چکی ہے۔ یہ ایک تنگ آبی گزر گاہ ہے جہاں سے عالمی سطح پر تیل اور مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی سپلائی کا تقریباً پانچواں حصہ گزرتا ہے۔ اس بندش نے 70 کی دہائی کے بعد تیل کا بد ترین بحران پیدا کر دیا ہے اور اس کی تقریباً مکمل بندش کی وجہ سے گذشتہ ہفتے یورپ میں گیس کی قیمتوں میں 35 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande