
شملہ، 23 مارچ (ہ س)۔ ہماچل پردیش میں کچھ دنوں کی راحت کے بعدایک بار پھر موسم بدلنے والا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں ریاست کے کئی حصوں میں موسم خراب رہ سکتا ہے۔ بالائی علاقوں میں برفباری اور زیریں علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ کچھ علاقوں میں تیز آندھی -طوفان اور آسمانی بجلی گرنے کے لیے ایلو الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے اور لوگوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق ،آج ریاست کے کچھ حصوں میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح 26 مارچ کو بھی بعض علاقوں میں آندھی اور بجلی گرنے کا امکان ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ ریاست کے کئی حصوں میں 29 مارچ تک مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے اور وقفے وقفے سے بارش جاری رہ سکتی ہے۔ اس دوران اونچائی والے علاقوں میں ہلکی برف باری بھی دیکھی جا سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، رواں مارچ کے مہینے میں اس بات موسم کے مختلف رنگ دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ مہینے کے پہلے پندرہ دنوں میں طویل خشک موسم کی وجہ سے درجہ حرارت معمول سے زیادہ درج کیا گیا اور کئی مقامات پر مئی جیسی گرمی کا سامنا کرنا پڑا۔ جس کے بعد 18 مارچ کو موسم اچانک تبدیل ہوگیا، پہاڑوں پر برف باری اور زیریں علاقوں میں بارش ہوئی۔ موسم میں آئی اس تبدیلی سے ریاست میں سردی واپس آگئی اور درجہ حرارت گر گیا۔
حالانکہ گزشتہ دو دنوں سے راجدھانی شملہ سمیت ریاست کے بیشتر علاقوں میں موسم صاف ہے اور دھوپ کھلی ہوئی ہے لیکن محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں ایک اور خراب موسم کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ایک نئی ویسٹرن ڈسٹربنس شمال مغربی ہندوستان کی طرف متحرک ہونے کا امکان ہے، جو ہماچل پردیش میں موسم میں ایک اور تبدیلی کا سبب بن سکتا ہے۔
اس دوران اگر ہم ریاست کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو آج شملہ میں کم سے کم درجہ حرارت 8.2 ڈگری سیلسیس، سندر نگر میں 11.5 ڈگری، بھونتر میں 9.6 ڈگری، کلپا میں 2.6 ڈگری، دھرم شالہ میں 8.9 ڈگری، اونا میں 12.4 ڈگری، ناہن میں 9.5ڈگری، پالم پور میں 10.0ڈگری، جبڑ ہٹی میں 9.8ڈگری، کفری میں 5.4ڈگری(فاگو) میں 5.4 ڈگری، کوکمسیری میں 0.8 ڈگری، سیوباغ میں 4.7ڈگری ، برٹھیں میں 11.6ڈگری، کسولی میں 10.1ڈگری، پاونٹا صاحب میں 15.0 ڈگری، سراہن میں 3.7 ڈگری، دیہرہ گوپی پور میں 14.0 ڈگری، تابو میں منفی 0.4 ڈگری اور نیری میں 15.1 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد