
لوک بھون جموں میں بہار دیوس منایا گیا
جموں، 23 مارچ (ہ س)۔ جموں کشمیر لوک بھون میں بہار دیوس کے موقع پر ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ثقافتی پروگراموں کے ذریعے ایک بھارت شریشٹھ بھارت کے جذبے کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب میں اعلیٰ سرکاری افسران، طلبہ اور جموں کشمیر میں مقیم بہار کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بہار کے عوام کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔
انہوں نے بہار کے عظیم انقلابیوں اور نامور شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملک کی ترقی اور جدید ہندوستان کی تعمیر میں ان کی گرانقدر خدمات کو یاد کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ چندرگپت موریہ اور چانکیہ کے دور سے لے کر تحریک آزادی تک بہار ہمیشہ ملک کا محافظ اور قومی اتحاد، روحانی، ثقافتی، فکری اور معاشی زندگی کا مرکز رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مگدھ سلطنت کے مرکز کے طور پر بہار نے اپنی ایک منفرد شناخت قائم کی ہے اور آج نریندر مودی کی قیادت میں ریاست اپنی قدیم عظمت کو دوبارہ حاصل کرتے ہوئے ہمہ جہتی ترقی اور جدت کا ایک اہم مرکز بن رہی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے بہار کی صنعتی اور تعلیمی شعبوں میں نمایاں خدمات کا بھی ذکر کیا اور فنِ تعمیر، موسیقی، فنونِ لطیفہ اور ادب پر اس کے گہرے اثرات کو اجاگر کیا۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ یہ سرزمین اپنی ثقافتی تنوع، شاندار تاریخی ورثے، علم اور روحانیت کے ساتھ ترقی کی راہ پر مسلسل آگے بڑھتی رہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر