
جموں، 23 مارچ (ہ س)۔
شمالی کمان فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے پیر کے روز ضلع کشتواڑ کا دورہ کیا اور وہاں تعینات فوجی دستوں کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے کارروائیوں میں تسلسل برقرار رکھنے پر زور دیا۔
فوجی ذرائع کے مطابق کشتواڑ میں پاکستان میں قائم تنظیم جیشِ محمد (جے ای ایم) کو بڑا نقصان پہنچا ہے، جہاں ایک سال طویل آپریشن کے دوران مشکل اور بلند پہاڑی علاقوں میں اس کے سات تربیت یافتہ دہشت گرد مارے گئے۔ ان میں 22 فروری میں ہلاک ہونے والے تین دہشت گرد بھی شامل ہیں، جن میں انتہائی مطلوب کمانڈر سیف اللہ بھی تھا۔
شمالی کمانڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ جنرل آفیسر کمانڈنگ اِن چیف لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے کشتواڑ سیکٹر کا دورہ کر کے آپریشنل تیاریوں اور سیکورٹی نظام کا جائزہ لیا۔
بیان کے مطابق انہوں نے کمانڈرز کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور جوانوں سے ملاقات کے دوران مشکل جغرافیائی حالات اور خراب موسم میں ان کی مستقل کوششوں، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ دیگر سیکورٹی اداروں کے ساتھ بہتر ہم آہنگی کے ذریعے کارروائیوں کی رفتار کو برقرار رکھا جائے تاکہ خطے میں دیرپا امن و استحکام یقینی بنایا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر