
ممبئی ، 22 مارچ (ہ س)۔ ممبئی کے بوریولی علاقے میں واقع سنجے گاندھی نیشنل پارک میں تقریباً 6 سالہ نر تیندوا “بِٹّو” طویل علالت کے بعد ہلاک ہو گیا، جس سے محکمہ جنگلات اور پارک انتظامیہ میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔پارک انتظامیہ کے مطابق بِٹّو گزشتہ کچھ عرصے سے بیمار تھا اور ویٹرنری ڈاکٹروں اور عملے کی نگرانی میں اس کا مسلسل علاج جاری تھا، تاہم تمام کوششوں کے باوجود اسے بچایا نہیں جا سکا۔یہ تیندوا بطور شاوک 4 دسمبر 2019 کو تھانے کے یئور علاقے سے ریسکیو کیا گیا تھا، جس کے بعد اسے نیشنل پارک میں رکھا گیا اور وہیں اس کی پرورش اور دیکھ بھال کی گئی۔اطلاعات کے مطابق گزشتہ چند مہینوں سے اس میں بیماری کی علامات ظاہر ہو رہی تھیں اور علاج کے باوجود اس کی حالت میں بہتری نہیں آ رہی تھی۔ سونوگرافی کے دوران انکشاف ہوا کہ وہ “پولی سسٹک کڈنی ڈیزیز” میں مبتلا تھا، جس کے باعث اس کے جسم میں اندرونی پیچیدگیاں بڑھتی گئیں اور بالآخر اس کی موت واقع ہو گئی۔پارک کے نائب ڈائریکٹر کے مطابق تمام ضروری طبی اور انتظامی پروٹوکول پر عمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حیاتیاتی نمونے مزید تفصیلی جانچ اور تصدیق کے لیے ممبئی کے ویٹرنری کالج، پریل بھیج دیے گئے ہیں، جہاں ہسٹووپیتھولوجیکل تجزیہ کیا جائے گا۔پارک انتظامیہ کے مطابق اس واقعے کی مکمل رپورٹ تیار کی جا رہی ہے اور مستقبل میں اس نوعیت کے معاملات سے نمٹنے کے لیے مزید اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے