
نوئیڈا، 22 مارچ (ہ س)۔ اترپردیش کے نوئیڈا میں پانچ دن کی نوزائیدہ بچی کو فروخت کرنے کے الزام میں تھانہ بسرک پولیس نے ایک نجی اسپتال کی مالکن اور وہاں کام کرنے والے دو ملازمین کو گزشتہ رات گرفتار کر لیا ہے۔ اس واقعے میں ملوث نرس اور اس کا شوہر فرار ہیں، جن کی پولیس تلاش کر رہی ہے۔
پولیس کمشنر محترمہ لکشمی سنگھ کے میڈیا انچارج نے بتایا کہ گزشتہ رات چائلڈ لائن 1098 سے اطلاع ملی کہ انشو مالی گوئل نامی شخص نے خبر دی ہے کہ کچھ لوگ ایک 5 دن کی نوزائیدہ بچی کو فروخت کر رہے ہیں۔ اس اطلاع کی بنیاد پر ایک ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے گزشتہ رات اس معاملے میں رنجیت سنگھ ولد ناتھو سنگھ (عمر 24 سال)، گجیندر سنگھ ولد دریا پرساد (عمر 35 سال) اور یشیکا گرگ زوجہ انیل گرگ کو گرفتار کر لیا۔ انہوں نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا ہے کہ یشیکا گرگ گریٹر نوئیڈا ویسٹ میں واقع ’نوجیون اسپتال نمبردار مارکیٹ‘ کی مالکن ہے۔ گرفتار دو دیگر ملازمین گجیندر اور رنجیت سنگھ بھی نوجیون اسپتال میں کام کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران گرفتار اسپتال کی مالکن نے انکشاف کیا کہ انجلی نامی خاتون نے 5 دن پہلے ان کے اسپتال میں ایک بچی کو جنم دیا۔ اس نے کہا کہ وہ بچی کی پرورش کرنے سے قاصر ہے، آپ اسے اپنے پاس رکھ لیں۔ اسپتال کی مالکن کے مطابق انجلی نے اسپتال کا بل بھی ادا نہیں کیا تھا۔ اس کے بعد ان کے دل میں لالچ پیدا ہوا اور انہوں نے بچی کو فروخت کرنے کے بارے میں سوچا۔ اسپتال کی مالکن نے بتایا کہ اس نے اپنے اسپتال میں کام کرنے والی نرس پشپا کو بچی فروخت کرنے کے لیے کہا۔ اس نے اے اے سوسائٹی میں یہ بات بتائی، جہاں کسی شخص نے سوسائٹی کے گروپ پر یہ پیغام ڈال دیا۔
اس کے بعد سنگیتا زوجہ انشو ملک گوئل نے ان سے بچی کو گود لینے کے لیے رابطہ کیا۔ پشپا نے اپنے شوہر کا موبائل نمبر سنگیتا کو دیا۔ جب سنگیتا نے بات کی تو پشپا کے شوہر نے اسپتال کی مالکن یشیکا گرگ سے بات کر کے کہا کہ بچی کو گود لینے سے پہلے 2 لاکھ 60 ہزار روپے دینے پڑیں گے۔ اس بات سے سنگیتا کو جرم کی بو آئی اور انہوں نے اس کی اطلاع چائلڈ لائن کو دے دی۔ اس کے بعد پولیس نے جال بچھا کر کارروائی کرتے ہوئے تینوں کو گرفتار کر لیا۔ اس واقعے میں ملوث نرس اور اس کا شوہر فرار ہیں، جن کی پولیس تلاش کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن