
جموں, 22 مارچ (ہ س)۔
جموں ضلع سے تعلق رکھنے والے بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ایک کانسٹیبل جسوندر سنگھ کی نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے پوچھ گچھ کے دوران مبینہ طور پر طبیعت بگڑنے سے موت ہو گئی۔پولیس کے مطابق کانسٹیبل کو منشیات سے متعلق ایک کیس میں تفتیش کے لیے امرتسر لایا گیا تھا جہاں دورانِ پوچھ گچھ ان کی حالت اچانک خراب ہو گئی اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔مقبول پورہ تھانے کے ایس ایچ او جگجیت سنگھ نے بتایا کہ اہلکار کی موت طبیعت بگڑنے کے باعث ہوئی ہے، جو متعلقہ ایجنسی کی فراہم کردہ معلومات پر مبنی ہے۔ادھر متوفی کے اہل خانہ نے موت کو مشتبہ قرار دیتے ہوئے نارکوٹکس ٹیم پر تشدد کا الزام عائد کیا ہے۔ اہل خانہ نے پوسٹ مارٹم ہاؤس کے باہر احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایا کہ جسوندر سنگھ کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
متوفی کی والدہ گرمیت کور نے دعویٰ کیا کہ ان کے بیٹے کو مارا پیٹا گیا اور بیلٹ و جوتوں سے تشدد کیا گیا، جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی۔ انہوں نے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور حتمی رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر