
عیدالفطر پر صدر جمہوریہ، نائب صدر جمہوریہ اور وزیراعظم نے مبارکباد دی، بھائی چارے اور خوشحالی کی تمنا کی
نئی دہلی، 21 مارچ (ہ س)۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن اور وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو عیدالفطر کے موقع پر ہم وطنوں کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے معاشرے میں بھائی چارے، ہم آہنگی اور خوشحالی کی تمنا کی۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالفطر کے پاک موقع پر تمام ہم وطنوں، بالخصوص مسلم طبقے کے لوگوں کو دلی مبارکباد۔ یہ تہوار ضبطِ نفس، خدمت، سخاوت اور محروم طبقات کے تئیں ہمدردی کا جذبہ رکھنے کی ترغیب دیتا ہے۔ صدر جمہوریہ نے لوگوں سے اس موقع پر معاشرے اور قوم کو بااختیار بنانے کا عہد لینے کی اپیل کی۔
نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے اپنے پیغام میں کہا، ’’عید مبارک! یہ پاک تہوار امید، ہم آہنگی اور مروت کو فروغ دے اور تمام لوگوں کی زندگی میں خوشیاں اور کامیابی لے کر آئے۔‘‘
وزیراعظم نریندر مودی نے ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں ہم وطنوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن معاشرے میں بھائی چارے اور ہمدردی کے جذبے کو مزید مضبوط کرے۔ انہوں نے تمام لوگوں کے لیے سکھ، امن اور بہترین صحت کی خواہش کی۔
قابلِ ذکر ہے کہ پورے ملک میں عیدالفطر کا تہوار جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ مسجدوں میں خصوصی نماز ادا کی جا رہی ہے اور لوگ ایک دوسرے کے گلے مل کر مبارکباد دے رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن