
پریاگ راج سمیت کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا اورینج الرٹ
پریاگ راج، 20 مارچ (ہ س)۔ پریاگ راج سمیت ریاست کے کئی اضلاع میں محکمہ موسمیات نے اگلے تین گھنٹوں کے لیے گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواوں کا اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔ ’سچیت ایپ‘ کے ذریعے حاصل کردہ معلومات کے مطابق پیلی بھیت، امروہہ، بجنور، میرٹھ، بھدوہی، مرزاپور اور پریاگ راج کے کچھ مقامات پر درمیانی درجے کی گرج چمک والی آندھی کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا قوی امکان ہے۔ اس دوران سطحِ زمین پر ہوا کی رفتار 60-40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
پریاگ راج میں جمعہ کی صبح سے ہی وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔ آسمان پر گھنے بادل چھائے ہوئے ہیں اور وقفے وقفے سے بجلی بھی چمک رہی ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ ساتھ چوکنا رہنے کی ضرورت بھی ہے۔ انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران کھلے مقامات پر جانے سے بچیں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔ تیز ہواوں اور آسمانی بجلی کو دیکھتے ہوئے خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
چندر شیکھر آزاد زرعی یونیورسٹی کے شعبہ زراعت کے ماہرِ موسمیات ڈاکٹر ایس این پانڈے کا کہنا ہے کہ جمعہ اور ہفتہ کو آسمان پر بادل چھائے رہنے کا امکان ہے اور تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ کچھ مقامات پر بونداباندی ہوگی، تاہم تیز بارش کے آثار نہیں ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن