
جموں، 20 مارچ (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کے روز کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے مبینہ طور پر حلقہ بندیوں میں رد و بدل کی کوششیں بھی مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے نتائج کو تبدیل نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے اپنے ذاتی ایکس ہینڈل پر کہا کہ ووٹوں کی گنتی کے دن ممتا بنرجی بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوں گی اور ترنمول کانگریس واضح فتح حاصل کرے گی۔
عمر عبداللہ نے انتخابی ریاست میں الیکشن کمیشن کی جانب سے بڑے پیمانے پر افسران کے تبادلوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات عموماً انہی ریاستوں میں دیکھنے کو ملتے ہیں جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اقتدار میں نہیں ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افسران سیاسی جماعتوں کو انتخابات نہیں جتواتے بلکہ جماعتوں کی قیادت ہی کامیابی دلاتی ہے اور مغربی بنگال ایک بار پھر اس بات کو ثابت کرے گا۔
واضح رہے کہ انتخابی کمیشن کی جانب سے اسمبلی انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد کئی سینئر افسران کے تبادلے کیے گئے ہیں، جن میں چیف سکریٹری نندنی چکرورتی، ہوم سکریٹری جگدیش پرساد مینا، جبکہ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس پیوش پانڈے اور کولکاتا پولیس کمشنر سپرتیم سرکار کو عہدوں سے ہٹایا گیا ہے۔ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات دو مرحلوں میں 23 اپریل اور 29 اپریل کو منعقد ہوں گے، جبکہ ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر