
بجلی کمپنیوں میں بی سی تحفظات پر عمل آوری کا جائزہحیدرآباد، 19 مارچ (ہ س)۔
تلنگانہ بی سی کمیشن کا اجلاس آج حیدرآباد میں صدرنشین جی نرنجن کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیشن کے ارکان آر جے پرکاش، ٹی سریندر، بالالکشمی اور ممبرسکریٹری مایادیوی آئی اے ایس نے شرکت کی۔ ڈپٹی ڈائرکٹریو سرینواس راؤ، اسسٹنٹ سکریٹری منوہر راؤ، اسپیشل آفیسر کماری سنیتا اور دیگر عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے مباحث میں حصہ لیا۔ اجلاس میں حکومت کے 99 روزہ پرجا پا لنا پرگتی پرانالیکا پروگرام پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔ کمیشن نے تمام زیر التواء فائلوں کی عاجلانہ یکسوئی کے فیصلہ کیا۔ بعض فائلوں کی یکسوئی کے لئے حکومت سے درکار تفصیلات کا انتظارہے۔ متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تفصیلات جلد از جلد روانہ کریں تاکہ فائلوں کی یکسوئی میں مدد ملے۔ کمیشن نے بجلی اداروں کے دورہ کا فیصلہ کیا تاکہ بی سی تحفظات پرعمل آوری کا جائزہ لیا جاسکے۔ کمیشن 23 مارچ کو سدرن پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی کا دورہ کرے گا جبکہ 24 مارچ کو جینکو اورٹرانسکو اور26 مارچ کو نارتھن پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی کا دورہ کیا جائے گا۔ بجلی کمپنیوں میں بی سی تحفظات پر عمل آوری کے سلسلہ میں کمیشن کو موصولہ نمائندگیوں کی بنیاد پر عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کی جائیں گی۔۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق