
بھوپال، 19 مارچ (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں موسم نے اچانک کروٹ لے لی ہے۔ ریاست میں دو ٹرف لائن اور ایک سائکلونک سسٹم سرگرم ہونے سے موسم کا مضبوط نظام بن گیا ہے، جس کا اثر اگلے 72 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ بدھ کے روز ریاست کے جنوبی اور شمالی حصوں کے تقریباً 10 اضلاع میں کہیں تیز ہواوں کے ساتھ بارش ہوئی تو کہیں بادل چھائے رہے۔ بالا گھاٹ میں تقریباً 1 انچ بارش درج کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے جمعرات کے لیے بھوپال، اندور اور گوالیار سمیت 36 اضلاع میں آندھی اور بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ وہیں سیونی، منڈلا اور بالا گھاٹ میں ژالہ باری کی وارننگ دی گئی ہے۔ ریاست کے دیگر حصوں میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کے آثار ہیں۔ اگلے تین دنوں تک 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ یہ موسمی نظام آہستہ آہستہ پوری ریاست کو متاثر کرے گا۔ 19 اور 20 مارچ کو اس کا اثر عروج پر رہے گا، جبکہ 22 مارچ کے بعد موسم صاف ہونے کا امکان ہے۔ موسم میں تبدیلی کے باعث درجہ حرارت میں گراوٹ آئی ہے اور کئی اضلاع میں ہلکی ٹھنڈک محسوس کی گئی۔
مارچ کے مہینے میں اس سیزن کی پہلی ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ خاص طور پر سیونی، منڈلا اور بالا گھاٹ میں دو دنوں تک اولے گر سکتے ہیں، جس سے کسانوں کی تشویش بڑھ گئی ہے۔ فصلوں کو نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔ مارچ کے پہلے پکھواڑے میں گرمی کا اثر دیکھنے کو ملا تھا، لیکن دوسرے پکھواڑے میں موسم کا رخ بدل گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، اس مہینے پہلی بار اتنا مضبوط سسٹم سرگرم ہوا ہے، جس کا اثر مسلسل تین دنوں تک رہے گا اور پوری ریاست میں الگ الگ شکل میں دکھائی دے گا۔ کہیں بارش، کہیں تیز ہوائیں، تو کہیں بادل۔ مستقبل کے موسم کے حوالے سے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اپریل اور مئی میں 15 سے 20 دنوں تک ’لو‘ (ہیٹ ویو) چلنے کا امکان ہے۔ مارچ کے آخری ہفتے سے ہی گرم ہواوں کا اثر شروع ہو سکتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن