
تمل ناڈو: انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت ایمبولینس سروس پر بھی سخت نگرانی
چنئی، 17 مارچ (ہ س)۔ تمل ناڈو میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں اور ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہو چکا ہے۔ اسی کے تحت 108 ہنگامی ایمبولینس سروس کو بھی قواعد کے دائرے میں لایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں 108 ایمبولینس سروس کے ریاستی سربراہ سیلو کمار اور علاقائی سربراہ محمد بلال نے ایک پریس ریلیز جاری کر کے تفصیلی معلومات فراہم کی ہیں۔
تمل ناڈو میں 23 اپریل کو اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ اس کے لیے الیکشن کمیشن نے 15 مارچ کو باضابطہ اعلان کیا تھا اور اسی کے ساتھ ضابطہ اخلاق نافذ ہو گیا۔ اس کے تحت امیدواروں اور عام لوگوں کے لیے کئی قوانین نافذ کیے گئے ہیں۔ ان میں 50 ہزار روپے سے زائد نقدی لے جانے پر اس کی دستاویزات ساتھ رکھنا لازمی ہے۔
اسی وجہ سے اب 108 ایمبولینس میں لے جائے جانے والے مریضوں اور ان کے ساتھ آنے والے لواحقین کو بھی زیادہ مقدار میں نقدی ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اگر وہ رقم لے جاتے ہیں تو اس کی معلومات متعلقہ دستاویز میں درج کی جائے گی۔ اسمبلی انتخابات کے پیشِ نظر 108 ایمبولینس کے ڈرائیوروں اور ملازمین کے لیے بھی کئی نئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ جس کے مطابق ڈیوٹی کے دوران ایمبولینس ڈرائیور اور ملازم کسی قسم کی سیاسی سرگرمیوں میں شامل نہیں ہو سکتے۔ فی الحال ایک نجی ہیلتھ سروس کمپنی کے ذریعے پورے تمل ناڈو میں تقریباً 1,353 ایمبولینسیں چلائی جا رہی ہیں۔
ان ایمبولینس گاڑیوں میں انتخابات سے متعلق قوانین کے نوٹس بھی چسپاں کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق انتخابات کے دوران ایمبولینس میں طبی آلات کے علاوہ کوئی دوسرا سامان لے جانا ممنوع رہے گا۔ اسی طرح مریض اور ان کے لواحقین کے علاوہ بغیر اجازت کسی دوسرے شخص کو ایمبولینس میں بٹھا کر لے جانا بھی منع ہوگا۔ ہنگامی گاڑیوں کی تلاشی صرف ریاستی حکومت کے مجاز ملازمین، پولیس افسران اور انتخابی مبصرین ہی لے سکتے ہیں۔
ایمبولینس ڈرائیوروں اور ملازمین کو یہ بھی یقینی بنانا ہوگا کہ مریض یا ان کے ساتھ آنے والے لوگ ایمبولینس میں رکھے گئے بکسوں یا آلات کو نہ کھولیں، تاکہ ان کے ذریعے نقدی یا دیگر اشیاء چھپا کر لے جانے کے امکان کو روکا جا سکے۔ اس کے علاوہ ایمبولینس میں آنے والے لوگوں کے پاس انتخابات سے متعلق کوئی مواد نہیں ہونا چاہیے۔ ایمبولینس پر انتخابی مہم سے متعلق اسٹیکرز یا انتخابی نشانات بھی نہیں لگائے جا سکتے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن