
جموں کے چٹھا فارم علاقے میں ایک شخص کا گلا کاٹ کر قتل
جموں، 17 مارچ (ہ س)۔ جموں کے مضافاتی علاقے چٹھا فارم میں ایک شخص کے بہیمانہ قتل کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ پولیس کے مطابق پیر کی دیر رات ایک مقامی شخص کو لہولہان حالت میں پایا گیا، جس کی شناخت بلویَر سنگھ ولد سریجیت سنگھ ساکن چٹھا فارم کے طور پر ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق نامعلوم حملہ آور نے تیز دھار ہتھیار سے اس کا گلا کاٹ دیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔
اطلاع ملتے ہی ستواری پولیس موقع پر پہنچی اور زخمی کو فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ ایس پی ساؤتھ اجے شرما نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس سلسلے میں تھانہ ستواری میں ایف آئی آر نمبر 66/2026 درج کر کے بی این ایس کی دفعہ 103 کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کر لیے ہیں اور قریبی علاقوں کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ مقامی افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے۔لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر