
چنئی، یکم مارچ (ہ س)۔ مدورائی میں آج ہونے والے انتخابی جلسہ عام میں شرکت کے لیے چنئی پہنچنے والے وزیر اعظم نریندر مودی کا کارکنوں نے پرتباک استقبال کیا۔ اے آئی اے ڈی ایم کے-بی جے پی اتحاد پوری طاقت کے ساتھ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ وزیر اعظم مودی نے پچھلے مہینے مدورانتکم میں انتخابی تشہیر کی تھی۔ اس جلسہ عام میں اے آئی اے ڈی ایم کے کے جنرل سکریٹری ایڈاپاڈی پلانی سوامی اور اتحادی جماعتوں کے رہنما شامل ہوئے تھے۔
اسی سلسلے میں انتخابی مہم کے لیے دوسری بار وزیر اعظم مودی کل رات چنئی پہنچے۔ گجرات سے خصوصی طیارے کے ذریعے چنئی ہوائی اڈے پر پہنچے وزیر اعظم کا گورنر آر این روی، ریاستی حکومت کی جانب سے وزیر تھنگم تھیناراسُو اور چیف سکریٹری مروگانندم نے استقبال کیا۔ اس کے بعد اے آئی اے ڈی ایم کے کے جنرل سکریٹری ایڈاپاڈی پلانی سوامی، مرکزی وزیر ایل مروگن، بی جے پی کے ریاستی صدر نینار ناگیندرن، تمل ناڈو بی جے پی کی سابق صدر تملی سائی سوندرا راجن سمیت کئی رہنماوں نے وزیر اعظم مودی کا استقبال کیا۔
ہوائی اڈے کے قریب سڑک پر بڑی تعداد میں جمع بی جے پی اور اے آئی اے ڈی ایم کے کارکنوں نے ڈھول نگاڑوں کے ساتھ جیت کے نعرے لگاتے ہوئے ان کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم استقبال قبول کرتے ہوئے کار سے گنڈی واقع راج بھون کے لیے روانہ ہوئے۔
وزیر اعظم مودی آج صبح 11.30 بجے چنئی سے خصوصی طیارے کے ذریعے پڈوچیری جائیں گے۔ وہاں منعقدہ سرکاری پروگرام میں شرکت کے بعد وہ ہیلی کاپٹر سے دوپہر 1.55 بجے تنجاور واقع فضائیہ کے اڈے پر پہنچیں گے۔ اس کے بعد طیارے سے روانہ ہو کر دوپہر 2.45 بجے مدورائی ہوائی اڈے پہنچیں گے، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔ اس کے بعد وزیر اعظم مدورائی ہوائی اڈے کے احاطے میں منعقدہ پروگرام میں شرکت کر کے نئی ریل خدمات، قومی شاہراہوں سمیت کئی پروجیکٹس کا افتتاح کریں گے۔
خاص طور پر جنوبی اضلاع میں جاری کئی سڑک پروجیکٹس کا آغاز بھی کیا جائے گا۔ ہندوستانی ریلوے کی جانب سے ملک بھر میں 1,300 ریلوے اسٹیشنوں کو ’’امرت بھارت یوجنا‘‘ کے تحت جدید سہولیات کے ساتھ ازسرنو تعمیر کیا گیا ہے۔ تمل ناڈو میں پومبڈی، موروپور، ترووارور، پولاچی، کارائیکوڈی، مناپارائی، چولوندن اور شری ولّی پتھور سمیت 8 ریلوے اسٹیشنوں اور چنئی بیچ-ایگمور کے درمیان چوتھے ریل لائن پروجیکٹ (378 کروڑ روپے کی لاگت) کا افتتاح کیا جائے گا۔ ان ریلوے اسٹیشنوں کا افتتاح وزیر اعظم مودی مدورائی ہوائی اڈے سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کریں گے۔
اس کے بعد وہ شام 4 بجے کار سے تروپرن کنڈرم مروگن مندر پہنچ کر درشن کریں گے۔ شام 4.30 بجے وہ جلسہ گاہ پہنچیں گے۔ اس کے لیے منڈیلا نگر میں تقریباً 150 ایکڑ رقبے میں شاندار تیاریاں کی گئی ہیں۔ وسیع اسٹیج تیار کیا گیا ہے اور پینے کے پانی، بیت الخلاء، علاج معالجے سمیت تمام ضروری سہولیات دستیاب کرائی گئی ہیں۔
اس جلسہ عام میں اے آئی اے ڈی ایم کے کے جنرل سکریٹری ایڈاپاڈی پلانی سوامی، مرکزی وزیر پیوش گوئل اور ایل مروگن، بی جے پی کے ریاستی صدر نینار ناگیندرن، سابق صدر اناملائی اور تملی سائی سوندرا راجن سمیت کئی رہنما شامل ہوں گے۔ اتحادی جماعتوں میں اے ایم ایم کے کے جنرل سکریٹری ٹی ٹی وی دناکرن، پی ایم کے صدر انبو منی رام داس، جی کے واسن، اے سی شنموگم، پاریویندر، جان پانڈین، پووئی جگن مورتی سمیت کئی دیگر رہنما بھی حصہ لیں گے۔
جلسہ گاہ پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی 20 سے زائد ٹیمیں اسنیفر ڈاگز کے ساتھ سخت تلاشی لے رہی ہیں۔ تمام کارکنوں کو سخت تلاشی کے بعد ہی جلسہ گاہ میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن