
حیدرآباد، 28 فروری(ہ س)۔ تلگوریاستوں تلنگانہ اورآندھرا پردیش میں موسم میں غیرمعمولی تبدیلی دیکھی جارہی ہےاور ایک طرف جہاں دوپہرکے اوقات میں درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہورہاہے،وہیں دوسری طرف خلیج بنگال میں پیدا ہونے والے موسمی دباؤ اورہواکے رخ میں تبدیلی کے باعث کئی مقامات پرہلکی سی درمیانی بارش اورژالہ باری کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔تلنگانہ میں موسم دوہری صورتحال اختیارکررہاہے جہاں دارالحکومت حیدرآباد سمیت عادل آباد، نظام آباد، کھمم اور ورنگل میں دن کے وقت درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری تک پہنچ رہاہے۔ جس کی وجہ سے گرمی کی شدت محسوس کی جانے لگی ہے تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے بعض اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہےاورخصوصاً شمالی تلنگانہ میں شام کے وقت تیزہوائیں چل سکتی ہیں۔آندھرا پردیش کے رائلسیما کے اضلاع جیسے کرنول، اننت پوراورکڈپہ میں شدید گرمی کی لہرشروع ہوچکی ہے اوردرجہ حرارت معمول سے2 سے 3 ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جبکہ دوسری جانب وجئے واڑہ،گنٹوراور وشاکھا پٹنم میں اچانک بارش ہو سکتی ہے۔ موسم کی اس تبدیلی کو دیکھتے ہوئے ماہرینِ زراعت نے کسانوں کو کٹی ہوئی فصلوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کرنے کا مشورہ دیاہے کیونکہ اچانک بارش اورژالہ باری سے اناج کو نقصان پہنچ سکتاہے۔ جبکہ طبی ماہرین نے شہریوں کو خبردارکیاہے کہ دن میں گرمی اوررات کی سردی کی صورتحال سے وائرل بخارکے معاملات بڑھ سکتے ہیں اسی لئے پانی کااستعمال زیادہ کریں اوربراہ راست دھوپ سے بچیں۔۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق