
حیدرآباد، 28 فروری(ہ س)۔ بڑے شاپنگ مالس اور سونے کی دکانوں میں انتظامیہ کی آنکھوں میں دھول جھونک کرچوری کرنے والی خواتین کے قصے توعام ہیں بالخصوص قیمتی ریشمی ساڑیوں کی صفائی سے چوری کرنے میں بعض خواتین کومہارت حاصل ہوتی ہے۔اگرچہ سی سی ٹی وی کیمروں کی وجہ سے اب ایسی وارداتوں کے بعدملزمین کی شناخت اورگرفتاری آسان ہو گئی ہےلیکن آندھراپردیش کے گنٹورکے ایک اسٹورمیں چوری کاایک ایسا ہی انوکھامعاملہ سامنے آیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گنٹورکے لکشمی پورم علاقہ میں واقع ریلائنس اسمارٹ اسٹورمیں تین خواتین نے بڑی ہوشیاری سے11کلوگرام کاجوچوری کرنے کی کوشش کی۔یہ واقعہ رواں ماہ کی 24 تاریخ کودوپہرکے وقت پیش آیا،جب تینوں خواتین گاہک بن کراسٹورمیں داخل ہوئیں۔اسٹور کےاسپائسززون(مصالحہ جات کے حصہ) میں پہنچ کران خواتین نے کافی وقت گزارااورایساتاثر دیاجیسے وہ گھریلوضرورت کاسامان منتخب کررہی ہوں۔سی سی ٹی وی فوٹیج اورعینی شاہدین کے مطابق خواتین کاجوکے پیکٹ اٹھاکراپنی ٹوکری میں رکھتی تھیں۔پھرایک طرف جاکران پیکٹوں کوساڑی کے نیچے خاص طورپرتیارکردہ خفیہ کپڑے کے تھیلوں میں چھپالیتی تھیں۔یہ عمل انہوں نے آدھے گھنٹے تک بارباردہرایااورکئی پیکٹ غائب کردیئے۔تقریباً30منٹ تک ایک ہی جگہ پران کی مشکوک حرکات دیکھ کراسٹورکے منتظمین کوشک ہوا۔ جب یہ خواتین خریداری کامعمولی بل اداکرکے باہرنکلنے لگیں توالرٹ عملہ نے انہیں روک لیا۔تلاشی لینے پران کے لباس کے نیچے چھپائے گئے11کلوکاجوبرآمد ہوئے جس کے بعدفوری طورپرپولیس کواطلاع دی گئی اورانہیں حکام کے حوالے کردیاگیا۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردی۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق