
جلپائی گڑی، 28 فروری ( ہ س):۔
آلو ذخیرہ کرنے والے بانڈز (اسٹوریج سلپس) کی تقسیم کو لے کر ہفتہ کی صبح جلپائی گڑی میں ایک زبردست ہنگامہ کھڑا ہوگیا۔ کل رات سے ہی جلپائی گڑی صدر بلاک کے بہادر کولڈ سٹوریج کے باہر کسانوں کی لمبی قطار لگ گئی تھی۔
صبح تک ہجوم بے قابو ہو گیا اور ہاتھا پائی شروع ہو گئی۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس پہنچی ،اس دوران دھکا مکی بھی ہوئی ۔
عینی شاہدین کے مطابق لائن ٹوٹنے کے بعد سو سے زائد کسان کولڈ اسٹوریج کے احاطے میں داخل ہو گئے۔
صورتحال کو خراب ہوتے دیکھ کر کولڈ اسٹوریج انتظامیہ نے آلو بانڈ کی تقسیم کا عمل عارضی طور پر روک دیا۔ اس سے ناراض کسانوں نے احتجاج کیا اور سڑک بلاک کردی۔ پولیس کی اضافی نفری کو جائے وقوعہ پر تعینات کر دیا گیا تاکہ صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی جا سکے۔
کسانوں کا الزام ہے کہ ناکافی بانڈ فراہم کیے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے ہر سال اس طرح کی افراتفری ہوتی ہے۔ انتظامیہ نے مسئلے کے حل کے لیے بات چیت شروع کر دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ