
اسٹوڈنٹس گروپ ”ٹی فور تھیٹر“نے ووٹر بیداری پر نکڑ ناٹک پیش کیا
علی گڑھ، 28 فروری (ہ س)۔ اے ایم یو کے مختلف شعبہ جات کے طلبہ پر مشتمل تھیٹر گروپ ٹی فور تھیٹر نے انتخابی بیداری اور ذمہ دار انہ شہریت کے فروغ کے لیے کلیان سنگھ ہیبی ٹیٹ سینٹر میں ”متدان ہمارا ادھیکار“ (ووٹ دینا ہمارا حق ہے) کے عنوان پر ایک نکڑ ناٹک پیش کیا۔ اس پیشکش میں حکومت کی تشکیل میں ووٹنگ کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ جمہوریت کو مضبوط بنانے میں ہر ووٹ کی اہمیت ہوتی ہے۔ بالخصوص انتخابی عمل میں خواتین اور پہلی بار ووٹ دینے والے افراد کے کردار کو نمایاں انداز میں پیش کیا گیا۔
تقریب میں سینئر افسران بشمول چیف الیکٹورل آفیسر اتر پردیش مسٹر نودیپ رِنوا، ضلع مجسٹریٹ علی گڑھ مسٹر سنجیو رنجن، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس علی گڑھ مسٹر نیرج کمار جادون، چیف ڈیولپمنٹ آفیسر مسٹر یوگیندر کمار اور ڈویژنل کمشنر مسز سنگیتا سنگھ موجود تھے۔ معزز مہمانوں نے تخلیقی انداز سے عوامی شعور بیدار کرنے کی اس کاوش کو سراہا۔
محمد طلحہ ٹھاکر کی نگرانی اور رشبھ راجپوت اور محمد اکرم کی ہدایت کاری میں پیش کیے گئے اس ڈرامے میں فلک رضا، یمان خان، گیتیکا شرما، آکاش، صمد خان، عریب زبیری اور ذہیب احمد نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔ مؤثر مکالموں اور پرجوش پیشکش کے ذریعے ٹیم نے نوجوانوں اور شہریوں کو جمہوری عمل میں فعال شرکت کی ترغیب دی۔ اس اقدام کو خطے میں شہری شعور اور جمہوری اقدار کے فروغ کی جانب ایک بامعنی قدم قرار دیتے ہوئے وسیع پیمانے پر سراہا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ