
حیدرآباد، 28 فروری(ہ س)۔لوک سبھاکے اپوزیشن لیڈرراہل گاندھی 2مارچ کوتلنگانہ کادورہ کریں گے۔ وہ ضلع وقارآباد کے اننت گری میں منعقد ہونے والے ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی(ڈی سی سی)کے صدورکے تربیتی پروگرام میں بطورمہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔اے آئی سی سی نے راہل گاندھی کے اس ایک روزہ دورہ کی مکمل تفصیلات جاری کردی ہیں۔ شیڈول کے مطابق راہل گاندھی 2 مارچ کی صبح7.10 بجے دہلی ایئرپورٹ سے ایئرانڈیاکی فلائٹ کے ذریعہ روانہ ہوں گے اورصبح 9.20 بجے حیدرآباد کے شمس آباد ایئرپورٹ پہنچیں گے۔اس کے بعدوہ صبح 10 بجے ایئرپورٹ سے خصوصی ہیلی کاپٹرکے ذریعہ وقارآباد کےلیے روانہ ہوں گے۔ صبح 10.30 بجے سے شام 4.30 بجے تک وہ وقارآباد کے اننت گری ہریتا ریزارٹس میں منعقد شدنی ڈی سی سی صدورکے تربیتی پروگرام میں حصہ لیں گے۔اس دوران وہ دن بھرپارٹی کے استحکام اورمستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں پارٹی قائدین کی رہنمائی کریں گے۔ شام 4.30 بجے تربیتی پروگرام کے اختتام کے بعد راہل گاندھی ہیلی کاپٹرکے ذریعہ وقارآباد سے دوبارہ حیدرآباد پہنچیں گے اورشام 5.30 بجے شمس آبادایئرپورٹ سے ایئرانڈیا کی فلائٹ کے ذریعہ دہلی کےلئے واپسی کاسفرکریں گے۔ راہل گاندھی کے دورہ کے پیش نظر تلنگانہ کانگریس کی جانب سے وقار آباد میں بڑے پیمانہ پر انتظامات کئےجا رہے ہیں جبکہ حکومت نے پورے دورہ کے دوران سیکورٹی کے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق