
نئی دہلی، 28 فروری (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی آج اور کل گجرات، راجستھان، تمل ناڈو اور مرکز کے زیر انتظام ریاست پڈوچیری کے دورے پر رہیں گے۔ اس دوران وہ 23 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی پروجیکٹس کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس دورے کا بنیادی مرکز ملک کی پہلی مقامی سیمی کنڈکٹر چپ کی پیداوار اور بچیوں کے لیے ملک گیر ٹیکہ کاری مہم ہوگی۔ یہ معلومات سرکاری پریس ریلیز میں دی گئی ہے۔ ساتھ ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بھی وزیر اعظم نریندر مودی کے آج کے پروگرام کو اپنے ایکس ہینڈل پر شیئر کیا ہے۔
سرکاری پریس ریلیز کے مطابق، وزیر اعظم مودی اجمیر (راجستھان) میں 28 فروری کی صبح 11.30 بجے 16,680 کروڑ روپے کے پروجیکٹس کا تحفہ دیں گے۔ وہ 14 سال کی بچیوں کے لیے سروائیکل کینسر (بچہ دانی کے منہ کا کینسر) کو روکنے کے لیے ملک گیر ایچ پی وی ٹیکہ کاری مہم کا آغاز کریں گے۔ سرکاری محکموں میں نو منتخب 21,800 نوجوانوں کو تقرری نامے سپرد کریں گے۔ اسی دوران دہلی-وڈودرا ایکسپریس وے اور امرتسر-جام نگر اکنامک کوریڈور سے وابستہ مختلف اسکیموں کا افتتاح کریں گے۔
اس کے بعد سہ پہر 3.45 بجے وزیر اعظم مودی سانند (گجرات) میں مائیکرون ٹیکنالوجی کی ’’سیمی کنڈکٹر اسمبلی، ٹیسٹ اور پیکیجنگ‘‘ (اے ٹی ایم پی) سہولت کا افتتاح کریں گے۔ یہ ہندوستان کے سیمی کنڈکٹر مشن (آئی ایس ایم) کے تحت منظور شدہ پہلا پروجیکٹ ہے۔ یہاں سے ملک میں تیار ہونے والے پہلے سیمی کنڈکٹر میموری ماڈیول کی تجارتی پیداوار اور شپمنٹ شروع ہوگی۔ 22,500 کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری والی اس فیکٹری میں دنیا کا سب سے بڑا ’’کلین روم‘‘ علاقہ بنایا گیا ہے۔
وزیر اعظم مودی ہفتہ کی رات تقریباً 9.00 بجے چنئی (تمل ناڈو) پہنچیں گے اور اگلے دن جنوبی ہند کے ترقیاتی کاموں کو رفتار دیں گے۔ وہ یکم مارچ صبح 11.45 بجے (پڈوچیری) میں 2,700 کروڑ روپے تک کے بنیادی ڈھانچے، تعلیم اور صحت کی خدمات سے منسلک مختلف پروجیکٹس کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ مدورائی میں 4,400 کروڑ روپے تک کے بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹس کا افتتاح کریں گے اور عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔
اسی دوران وزیر اعظم این ایچ-332 اے کے مراکنم-پڈوچیری سیکشن اور این ایچ-87 کے پرماکوڈی-رام ناتھ پورم سیکشن کو چار لین بنانے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ساتھ ہی تمل ناڈو میں آٹھ ازسرنو تعمیر شدہ ریلوے اسٹیشنوں کا بھی افتتاح کریں گے۔ شام 4 بجے وزیر اعظم مدورائی کے مشہور ارولمگو سبرامنیا سوامی مندر (تروپرن کنڈرم) میں پوجا ارچنا کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن