
مدھیہ پردیش میں ہولی پر بدلے گا موسم کا مزاج، آندھی بارش کے آثار، گوالیار چمبل میں دکھے گا اثر
بھوپال، 28 فروری (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں ہولی کے آس پاس ایک بار پھر موسم کروٹ لے سکتا ہے۔ دو مارچ سے ہمالیائی خطے میں فعال ہو رہا ویسٹرن ڈسٹربنس ریاست پر بھی اثر ڈال سکتا ہے۔ اس کا اثر خاص طور پر گوالیار چمبل کے علاقے میں دیکھنے کو مل سکتا ہے، جہاں بادل چھانے اور آندھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، ریاست کے مغربی حصے میں دو سائیکلونِک سرکولیشن سسٹم فعال ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ایک ٹرف لائن کی سرگرمی بھی بنی ہوئی ہے۔ اسی وجہ سے جمعہ کو بھوپال سمیت کئی اضلاع میں بادل چھائے رہے۔ حالانکہ، درجہ حرارت میں کوئی خاص کمی درج نہیں کی گئی۔ اب 2 مارچ کے بعد موسم ایک بار پھر کروٹ بدلے گا اور ویسٹرن ڈسٹربنس کے اثر کی وجہ سے ہولی پر ریاست میں ماوٹھا یعنی ہلکی بارش کے آثار ہیں۔
ادھر، آندھی بارش اور ژالہ باری کا دور تھمنے کے بعد ریاست میں گرمی نے بھی رفتار پکڑ لی ہے۔ جمعرات کے بعد جمعہ کو بھی کئی شہروں میں دن کا درجہ حرارت 34 ڈگری سیلسیس سے اوپر رہا، جبکہ رات کا درجہ حرارت 18 ڈگری سیلسیس سے زیادہ درج کیا گیا۔ ریاست کے اکلوتے ہل اسٹیشن پچمڑھی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27.6 ڈگری درج ہوا، جبکہ دیگر شہروں میں پارہ 30 ڈگری یا اس سے زیادہ رہا۔ کھرگون سب سے گرم رہا، جہاں درجہ حرارت 34.8 ڈگری تک پہنچ گیا۔
پانچ بڑے اہم شہروں کے درجہ حرارت کی بات کریں تو بھوپال میں 32.4 ڈگری سیلسیس، اندور میں 31.2 ڈگری، گوالیار میں 32.7 ڈگری، اجین میں 33 ڈگری اور جبل پور میں 33 ڈگری درج کیا گیا۔ رات کے درجہ حرارت میں پچمڑھی سب سے ٹھنڈا رہا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 9.6 ڈگری درج کیا گیا۔ ساگر میں 18.4 ڈگری اور نرمداپورم میں 18.2 ڈگری رہا۔ شیوپور، سیونی، گنا، کھنڈوا اور ٹیکم گڑھ میں کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری کے آس پاس درج کیا گیا، جبکہ رتلام اور دھار میں یہ 17 ڈگری یا اس سے زیادہ رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کو موسم صاف رہنے کا امکان ہے اور فی الحال کہیں بھی بارش کا الرٹ جاری نہیں کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن