
مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی کے زیر اہتمام بھنڈ میں سلسلہ کے تحت ادبی و شعری نشست کا انعقاد یکم مارچ کو
بھوپال، 28 فروری (ہ س)۔ مدھیہ پردیش اردو اکادمی، محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام ضلع ادب گوشہ، بھنڈ کے ذریعے ’’سلسلہ‘‘ کے تحت شعری و ادبی نشست کا انعقاد مارچ 2026 کو دوپہر 12.00 بجے ویریندر مانگلک بھون، بھنڈ میں ضلع کوآرڈینیٹر حسرت حیات کے تعاون سے کیا جائے گا۔
اردو اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے پروگرام کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے ذریعے اپنے ضلع کوآرڈینیٹرس کے تعاون سے ’’سلسلہ‘‘ کے تحت ریاست کے سبھی اضلاع میں شعری و ادبی نشستیں منعقد کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے کا اگلا پروگرام یکم مارچ کو بھنڈ میں منعقد ہورہا ہے جس میں بھنڈ ضلع کے ماتحت آنے والے سبھی گاؤوں، تحصیلوں اور بستیوں کے ایسے سینئر شعرا و ادبا اپنی تخلیقات پیش کریں گے جنہیں اکادمی کے اسٹیج پر پیش کش کا موقع بہت کم ملا ہے۔
بھنڈ ضلع کے کوآرڈینیٹر حسرت حیات نے بتایا کہ منعقدہ پروگرام میں سلسلہ کے تحت دوپہر 12.00 بجے شعری و ادبی نشست کا انعقاد کیا جائے گا جس میں جو شعراء اور ادبا اپنی تخلیقات پیش کریں گے ان میں خصوصی مقرر کے طور پر بھنڈ کے سینئر شاعر مہاویر تنہا کا نام شامل ہے اور مقامی شعراء و ادبا میں انجم منوہر، رائین اجنبی، راجیش مدھوکر، زبیر قریشی، انجنا مشرا، چیتنا شرما، پردیپ واجپئی یووراج، راج کمار پانڈے، عبدالحمید، عطاء اللہ خان، خلیل خالد، راجا رام راہی اور مشرف خان کے نام شامل ہیں۔ سلسلہ ادبی و شعری نشست کی نظامت کے فرائض حسرت حیات انجام دیں گے۔ ڈاکٹر نصرت مہدی نے بھنڈ کے تمام محبان ادب سے پروگرام میں شرکت کی درخواست کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن