
جموں, 28 فروری (ہ س)۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کے روز کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوان ہر چیلنج پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اگر انہیں درست مواقع اور رہنمائی فراہم کی جائے تو وہ تاریخ رقم کر سکتے ہیں۔
وہ سکھ کرکٹ پریمیئر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جو جموں یونیورسٹی میں منعقد ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں گزشتہ چند برسوں کے دوران مرکز کے زیر انتظام علاقے میں کھیلوں کے شعبے میں تاریخی تبدیلی آئی ہے۔
نئی نسل خود امکانات کا پیکر ہے اور نوجوان ہر مسئلے کا حل ہیں۔ اگر انہیں مناسب مواقع، مضبوط پلیٹ فارم اور حقیقی سرپرستی فراہم کی جائے تو وہ نئی تاریخ رقم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سکھ کرکٹ پریمیئر لیگ نوجوانوں کی ہمہ جہت شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور مستقبل میں یہ نظم و ضبط، قیادت، ٹیم ورک، صبر اور خود اعتمادی جیسی اقدار کو فروغ دے گی۔
منوج سنہا نے آل جموں و کشمیر سکھ کوآرڈی نیشن کمیٹی اور ہری سنگھ نلوہ کرکٹ کلب جموں کے اقدام کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اس بات کا اعلان ہے کہ نئی نسل صرف تماشائی نہیں بلکہ بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کی علمبردار ہے۔ شمولیت کو فروغ دینے کے لیے ہر ٹیم میں دیگر برادریوں کے نوجوانوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ سخت نظم و ضبط کے ساتھ تربیت حاصل کریں اور میدان کے اندر اور باہر اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ کسی بھی معاشرے کی اصل طاقت عمارتوں میں نہیں بلکہ تازہ خیالات میں ہوتی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ نوجوانوں کی توانائی دریا کی مانند ہے، اگر اسے مقصد کے ساتھ رہنمائی ملے تو یہ ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ قوم کی تعمیر کے سفر میں نوجوان نہ رکیں گے، نہ جھکیں گے اور نہ تھکیں گے۔انہوں نے کہا کہ سکھ کرکٹ پریمیئر لیگ جیسے اہم کھیل مقابلوں کا مقصد نوجوانوں میں یہ شعور پیدا کرنا ہے کہ کھیل صرف تفریح نہیں بلکہ زندگی کی پائیدار اقدار کو نکھارنے کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بامقصد مشن کے ساتھ وابستہ نوجوان بڑی تبدیلیوں کے لیے بڑے وژن کو اپناتے ہیں اور کاروبار و کھیل دونوں اسی صلاحیت کے حامل ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے بتایا کہ وزیر اعظم کے ترقیاتی پروگرام کے تحت خاطر خواہ مالی معاونت سے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں کھیلوں کے لیے عالمی معیار کا بنیادی ڈھانچہ قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دورۂ جموں و کشمیر کے دوران وزیر داخلہ امت شاہ نے کھیلوں کی ترقی کے لیے 200 کروڑ روپے کی امداد کی یقین دہانی کرائی ہے، جس میں بی سی سی آئی اور فیفا سمیت دیگر کھیل تنظیموں کا تعاون شامل ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر