
جموں،28 فروری (ہ س)۔
جموں پولیس نے میراں صاحب علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ایک مطلوب جرائم پیشہ منشیات فروش کو تین ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے تقریباً 40 گرام ہیروئن (چٹا) اور ایک پستول بمعہ زندہ کارتوس برآمد کیے گئے جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی سوئفٹ کار کو بھی ضبط کر لیا گیا۔گرفتار مرکزی ملزم کی شناخت دل باغ سنگھ ولد جنک سنگھ سکنہ ملک پور، میراں صاحب کے طور پر ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ نمن کمار ولد وجے کمار سکنہ نوگراں تحصیل بشنہ، سندیپ شرما ولد مکھن لال سکنہ اندرا نگر اور سنی شرما ولد مکھن لال سکنہ اندرا نگر کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دل باغ سنگھ ایک بدنام زمانہ مجرم اور منشیات فروش ہے جس کے خلاف ضلع جموں اور دیگر تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔ وہ پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت نظربند بھی رہ چکا ہے اور اس کے خلاف ایک اور وارنٹ بھی زیر التوا تھا۔ اس کے دو ساتھی بھی منشیات سے متعلق مقدمات میں ملوث رہ چکے ہیں۔اطلاع ملنے پر 27 فروری کو تھانہ میراں صاحب کی پولیس ٹیم نے رنگ روڈ پر خصوصی ناکہ قائم کیا۔ اس دوران ایک مشتبہ سوئفٹ کار کو رکنے کا اشارہ کیا گیا لیکن گاڑی میں سوار افراد نے فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس نے تعاقب کے بعد گاڑی کو روک کر چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔اس سلسلے میں تھانہ میراں صاحب میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات کے نیٹ ورک اور دیگر ملوث افراد کی نشاندہی کے لیے چھان بین جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر