ٹی 20 عالمی کپ کے درمیان رنکو سنگھ پر ٹوٹا دکھوں کا پہاڑ، والد کا لیور کینسر سے انتقال
ٹی 20 عالمی کپ کے درمیان رنکو سنگھ پر ٹوٹا دکھوں کا پہاڑ، والد کا لیور کینسر سے انتقال نئی دہلی، 27 فروری (ہ س)۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے بلے باز رنکو سنگھ کے والد خان چند سنگھ کا آج صبح تقریباً 4 بج کر 36 منٹ پر اسٹیج 4 لیور کینسر سے طویل جنگ کے بع
اپنے والد کے ساتھ رنکو سنگھ


ٹی 20 عالمی کپ کے درمیان رنکو سنگھ پر ٹوٹا دکھوں کا پہاڑ، والد کا لیور کینسر سے انتقال

نئی دہلی، 27 فروری (ہ س)۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے بلے باز رنکو سنگھ کے والد خان چند سنگھ کا آج صبح تقریباً 4 بج کر 36 منٹ پر اسٹیج 4 لیور کینسر سے طویل جنگ کے بعد انتقال ہو گیا۔ انہوں نے گریٹر نوئیڈا میں واقع یتھارتھ اسپتال میں آخری سانس لی، جہاں حالیہ دنوں میں ان کی طبیعت بے حد نازک ہو گئی تھی اور ان کا علاج چل رہا تھا۔

اہل خانہ کے مطابق خان چند سنگھ وینٹی لیٹر سپورٹ پر تھے اور ان کی حالت مستحکم کرنے کے لیے ڈاکٹر مسلسل رینل تھریپی دے رہے تھے۔ انتہائی نگہداشت کے باوجود ان کی صحت میں تیزی سے گراوٹ آئی اور بالآخر ان کا انتقال ہو گیا۔ یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب رنکو سنگھ ہندوستانی ٹیم کے ساتھ ٹی 20 عالمی کپ میں مصروف تھے۔ زمبابوے کے خلاف سپر 8 مقابلے سے قبل جب ان کے والد کی حالت خراب ہوئی تھی، تب وہ گھر واپس آ گئے تھے۔ بعد میں وہ چنئی میں ٹیم سے دوبارہ شامل ہوگئے تھے۔ حالانکہ والد کے انتقال کے بعد وہ واپس گھر آ گئے ہیں۔

زمبابوے کے خلاف مقابلے میں رنکو سنگھ حتمی الیون (پلیئنگ الیون) کا حصہ نہیں تھے۔ ٹیم کے تال میل میں تبدیلی کرتے ہوئے سنجو سیمسن اور اکشر پٹیل کو شامل کیا گیا تھا۔ سنجو سیمسن کو ٹاپ آرڈر میں موقع ملا، ایشان کشن کو نیچے بھیجا گیا اور تلک ورما کو فنشر کا کردار سپرد کیا گیا۔ حالانکہ رنکو میدان پر بطور متبادل کھلاڑی ٹیم کے ساتھ موجود تھے۔

ٹورنامنٹ میں اب تک رنکو سنگھ پانچ مقابلے کھیل چکے ہیں، جس میں انہوں نے 24 رن بنائے ہیں اور فنشر کا اپنا مقررہ کردار ادا کیا ہے۔ ہندوستان کو اب کولکاتا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اہم مقابلہ کھیلنا ہے، جو تقریباً ناک آوٹ جیسا ہے۔ ایسے میں رنکو سنگھ کی دستیابی کو لے کر شکوک و شبہات برقرار ہیں۔ انڈین کرکٹ بورڈ یا ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے ابھی تک ان کی شمولیت کو لے کر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

ٹیم انڈیا جہاں ایک طرف اہم مقابلے کی تیاری کر رہی ہے، وہیں کھلاڑی اپنے ساتھی کے اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

سابق ہندوستانی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے بھی رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’جناب خان چند سنگھ جی کے انتقال کی خبر سن کر بے حد دکھ ہوا۔ ٹی 20 عالمی کپ کے دوران رنکو اور ان کے اہل خانہ کے لیے یہ وقت بے حد مشکل ہے۔ میری ہمدردیاں ان کے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ واہے گرو آنجہانی کی روح کو سکون دیں اور سوگوار خاندان کو اس دکھ کو برداشت کرنے کی طاقت عطا کریں۔‘‘ رنکو سنگھ کے اس نجی غم کے درمیان پوری کرکٹ دنیا ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کر رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande