
کولکاتا، 27 فروری (ہ س)۔ مغربی بنگال میں خصوصی جامع نظر ثانی (ایس آئی آر ) کے عمل کے تحت تیار کی گئی حتمی ووٹرفہرست ہفتہ کو شائع کی جائے گی۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے، الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ریاست کی تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو اس فہرست کی سافٹ کاپیاں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ووٹروں کی سہولت کے لیے کمیشن نے حتمی فہرست میں ان کے ناموں کی جانچ کے لیے کئی آن لائن اور آف لائن آپشنز بھی کھلے رکھے ہیں۔ اس بار حتمی ووٹر لسٹ میں عام ووٹرز کے علاوہ،دو نئے زمرے ’زیر غوراور ’حذف شدہ‘شامل کیے گئے ہیں۔اس طرح فہرست میںنام تین زمروں میں نظر آئیں گے ۔
ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے ایک اہلکار نے جمعہ کو بتایاکہ رائے دہندگان ہندوستان کے انتخابی کمیشن کی آفیشل ویب سائٹ پر اپنا نام اور ووٹر آئی ڈی نمبر درج کرکے فہرست میں اپنی تفصیلات دیکھ سکتے ہیں۔اس کے علاوہ، نام کی جانچ کی سہولت مغربی بنگال کے چیف الیکٹورل آفیسر کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہوگی۔ ووٹر متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسرز کی ویب سائٹس پر اپنے نام کی حیثیت بھی چیک کر سکیں گے۔
آن لائن متبادل کے ساتھ ساتھ، آف لائن تصدیق بھی دستیاب ہے۔ حتمی ووٹر لسٹ کی کاپیاں بوتھ لیول افسران کو فراہم کی جائیں گی۔ ووٹر اپنے متعلقہ بوتھ لیول آفیسر سے رابطہ کرکے اپنے ناموں کی تصدیق کرسکتے ہیں۔اس کے علاوہ ، حتمی فہرست کی ہارڈ کاپیاں مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر آویزاں کی جائیں گی، تاکہ ووٹر براہ راست وہاں اپنے نام چیک کر سکیں۔
کمیشن نے واضح کیا کہ ”زیر غور“ زمرے میں ایسے ووٹرز کے نام شامل ہیں جن کی شناختی دستاویزات جوڈیشیل افسران کے ذریعہ جانچ کے تحت ہیں۔ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق خصوصی طور پر تعینات جوڈیشیل افسران ان مقدمات کو ہینڈل کریں گے۔ جانچ پڑتال مکمل ہونے اور ناموں کی منظوری کے بعد ان ووٹرز کے نام سپلیمنٹری لسٹ میں شائع کیے جائیں گے۔
حذف شدہ زمرہ میں ان ووٹرز کے نام شامل ہوں گے جنہیں نومبر میں شروع ہونے والی خصوصی نظر ثانی مہم کے دوران مختلف وجوہات کی بنا پر فہرست سے خارج کر دیا گیا تھا۔الیکشن کمیشن کے اس اقدام کو ریاست میں آئندہ انتخابات سے قبل شفافیت اور جوابدہی بڑھانے کی سمت میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد