
نئی دہلی، 27 فروری (ہ س)۔
راو¿ز ایونیو کورٹ نے دہلی کے سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال اور سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کو سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی طرف سے دائر دہلی ایکسائز گھوٹالہ کیس میں بری کر دیا ہے۔ خصوصی جج جتیندر سنگھ نے دونوں کو بری کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے کہا کہ استغاثہ الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا اور مجرمانہ سازش کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ سماعت کے دوران عدالت نے بار بار سی بی آئی سے ناراضگی ظاہر کی اور سی بی آئی کی چارج شیٹ پر سوال اٹھائے۔ عدالت نے کہا کہ سی بی آئی کے فراہم کردہ دستاویزات چارج شیٹ سے میل نہیں کھاتے۔ عدالت نے ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کرنے سے متعلق فیصلہ 12 فروری کو محفوظ کیا تھا۔
سی بی آئی نے اس معاملے میں کیجریوال اور سسودیا سمیت 23 لوگوں کو ملزم نامزد کیا تھا۔ سماعت کے دوران کیجریوال نے کہا کہ ان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہے۔ کیجریوال کی نمائندگی کرنے والے سینئر وکیل این ہری ہرن نے کہا کہ کیجریوال سرکاری کام انجام دے رہے ہیں اور اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ کجریوال نے کسی کو ساو¿تھ لابی سے پیسے مانگنے کو کہا ہو۔ ہری ہرن نے کہا کہ کیجریوال کا نام پہلی تین چارج شیٹ میں شامل نہیں تھا۔ ان کا نام چوتھی ضمنی چارج شیٹ میں آیا ہے۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے اروند کیجریوال سے پوچھ گچھ کے بعد 21 مارچ 2024 کو گرفتار کیا تھا۔ 10 مئی کو، سپریم کورٹ نے کیجریوال کو یکم جون تک عبوری ضمانت دی تھی، جس کے بعد کیجریوال نے 2 جون 2024 کو خودسپردگی کی تھی۔ کیجریوال کو سی بی آئی نے 26 جون، 2024 کو گرفتار کیا تھا۔ ای ڈی نے 10 مئی 2024 کو چھٹی ضمنی چارج شیٹ داخل کی تھی، جس میں بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس رہنما کے کویتا ،چنپریت سنگھ ،دامودر شرما،پرنس کمار، اروند سنگھ کو ملزم بنایا گیا ہے۔ عدالت نے 29 مئی کو چھٹی ضمنی چارج شیٹ کا نوٹس لیا۔
27 اگست کو سپریم کورٹ نے سی بی آئی اور ای ڈی کیس میں بی آر ایس لیڈر کے کویتا کو ضمانت دے دی۔ 13 ستمبر 2024 کو سپریم کورٹ نے کیجریوال کو سی بی آئی کیس میں باقاعدہ ضمانت دے دی۔ اس سے پہلے سپریم کورٹ نے 12 جولائی 2024 کو ای ڈی معاملے میں کیجریوال کو عبوری ضمانت دی تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ