سی ای او راجوری نے ایک ٹیچر کو معطل کیا
سی ای او راجوری نے ایک ٹیچر کو معطل کیا جموں، 27 فروری (ہ س)۔ چیف ایجوکیشن آفیسر راجوری کے دفتر نے زون موگلہ کے گورنمنٹ پرائمری اسکول لنجر میں تعینات ایک ٹیچر گریڈ سوم کو سنگین بدانتظامی، غیر نظم و ضبط اور فرائض میں غفلت کے الزامات کے بعد فوری طور
Suspended


سی ای او راجوری نے ایک ٹیچر کو معطل کیا

جموں، 27 فروری (ہ س)۔ چیف ایجوکیشن آفیسر راجوری کے دفتر نے زون موگلہ کے گورنمنٹ پرائمری اسکول لنجر میں تعینات ایک ٹیچر گریڈ سوم کو سنگین بدانتظامی، غیر نظم و ضبط اور فرائض میں غفلت کے الزامات کے بعد فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔

سرکاری حکم نامے کے مطابق یہ کارروائی زونل ایجوکیشن آفیسر موگلہ کی رپورٹ کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 18 فروری کو اسکول کے اچانک معائنہ کے دوران مذکورہ استاد مبینہ طور پر ڈیوٹی کے اوقات میں اسکول احاطے کے اندر نشے کی حالت میں پایا گیا، جس سے تعلیمی ماحول بری طرح متاثر ہوا۔حکم نامے میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل بھی استاد کو ڈیوٹی سے غیر حاضری اور اسکول کے اوقات میں شراب نوشی کے الزامات پر وضاحت طلب نوٹس جاری کیا گیا تھا، تاہم ان کے رویے میں کوئی تسلی بخش بہتری دیکھنے میں نہیں آئی۔

اس کے علاوہ عملے کے ارکان، والدین اور عام لوگوں کی جانب سے تحریری شکایات موصول ہونے کی بھی اطلاع ہے، جن میں بدسلوکی، عملے کو ہراساں کرنے، تدریسی فرائض میں لاپرواہی اور سرکاری ملازم کے شایانِ شان طرزِ عمل اختیار نہ کرنے جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

چیف ایجوکیشن آفیسر راجوری نے ان الزامات کو سنگین بدانتظامی قرار دیتے ہوئے جموں و کشمیر سرکاری ملازمین کے ضابطہ اخلاق 1971 کی خلاف ورزی بتایا ہے اور جموں و کشمیر سول سروسز (درجہ بندی، کنٹرول اور اپیل) قواعد 1956 کے تحت محکمانہ تحقیقات مکمل ہونے تک معطلی کا حکم جاری کیا ہے۔

معطلی کے دوران مذکورہ استاد کو زونل ایجوکیشن آفیسر خواص کے دفتر کے ساتھ منسلک رکھا جائے گا اور انہیں قواعد کے مطابق گزارہ الاؤنس دیا جائے گا۔

ہندوستھان سماچار

--------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande