
جیسلمیر، 27 فروری (ہ س)۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے جمعہ کو جیسلمیر ایئر فورس اسٹیشن سے دیسی ساختہ لائٹ کامبیٹ ہیلی کاپٹر (ایل سی ایچ)’پرچنڈ‘ میں اڑان بھری۔وہ ’پرچنڈ‘ میں بطور شریک-پائلٹ اڑان بھرنے والے ملک کی پہلی صدر جمہوریہ بن گئی ہیں۔
صدرجمہوریہ آج صبح تقریباً 9 بجکر 15 منٹ پر ایئر فورس اسٹیشن پہنچیں، جہاں انہیں ہیلی کاپٹر کی تکنیکی صلاحیتوں کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی ۔ اس کے بعد وہ کاک پٹ پر سوار ہوئیں اور صبح 10:15 بجے گروپ کیپٹن این ایس بہوواکے ساتھ پرواز بھری۔ تقریباً 25 منٹ کی پرواز کے دوران انہوں نے سرحدی علاقوں اور پوکھرن فیلڈ فائرنگ رینج کا فضائی سروے کیا۔ انہوں نے دوران پرواز کاک پٹ سے سیلیوٹ بھی کیا۔
صدر جمہوریہ مرمونے اس سے قبل سکھوئی 30 ایم کے آئی اور رافیل لڑاکا طیارے میں اڑان بھری تھی۔ ایسا کرنے والی وہ پہلی صدر جمہوریہ ہیں۔
جیسلمیر میں مشہور جیسلمیر قلعہ (سونار درگ) پر پرواز کرتے ہوئے، صدر جمہوریہ نے ریڈیو کے ذریعے قوم سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہاکہ ”میں آج پرچنڈہیلی کاپٹر میں پرواز بھر رہی ہوں۔ یہ خود انحصاری کی ایک طاقتور علامت ہے۔ میں فخر کے ساتھ اپنے ملک کے بہادر سپاہیوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ سب کو میرا پیار بھرانمسکار۔ جے ہند، جے بھارت۔“
پاکستان کی سرحد کے قریب پوکھرن فیلڈ فائرنگ رینج میں منعقدجمعہ کی شام فضائیہ کی سب سے بڑی جنگی مشق ’وایو شکتی-2026‘ منعقد ہوگی، جس میں صدر جمہوریہ مرمو مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کے طور پر موجود ہوں گی۔
غور طلب ہے کہ تین سال پہلے نوراتری کے اشٹمی دیوس پر ”پرچنڈ“ ہیلی کاپٹر کو فضائیہ کے بیڑے میں شامل کیا گیا تھا۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی اس وقت اس میں پرواز بھری تھی اور اسے ہندوستان کی خود انحصار دفاعی صلاحیتوں کی علامت قرار دیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد