

ممبئی ، 27 فروری (ہ س)۔ 'مراٹھی بھاشا گورو' دن کے موقع پر این سی پی (ایس پی) کے ایم ایل اے روہت پوار نے منسے سربراہ راج ٹھاکرے سے شیو تیرتھ میں طویل ملاقات کی جس نے مہاراشٹر کی سیاسی فضا کو گرم کر دیا ہے۔ اس ملاقات میں اجیت پوار کے طیارہ حادثے کی تحقیقات، ایف آئی آر درج نہ ہونے اور مراٹھی عوام کو انصاف کے مسئلے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔روہت پوار نے میڈیا کو بتایا کہ تقریباً سوا گھنٹے تک جاری رہنے والی اس گفتگو میں انہوں نے حادثے سے متعلق تمام شبہات اور ممکنہ سازش کے پہلو راج ٹھاکرے کے سامنے رکھے۔ ان کے مطابق اجیت پوار سے قریبی تعلقات کے باعث راج ٹھاکرے نے معاملے کو پوری سنجیدگی سے سنا۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے ایف آئی آر درج نہ کرنا سب سے اہم مسئلہ تھا۔ اس موقع پر راج ٹھاکرے نے قانونی نکات پر بات کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے فیصلوں کا حوالہ دیا اور واضح کیا کہ اگر حادثاتی موت درج ہو چکی ہو تب بھی ضرورت پڑنے پر ایف آئی آر درج کرنا لازمی ہوتا ہے اور کسی بھی شکایت کو پولیس مسترد نہیں کر سکتی۔روہت پوار کے مطابق راج ٹھاکرے نے کہا کہ اگر مہاراشٹر میں کسی شخص کی شکایت ہی درج نہ ہو تو یہ انتہائی افسوسناک ہے اور مراٹھی عوام کو انصاف دلانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اجیت پوار کے ساتھ ان کے ذاتی روابط تھے اس لیے یہ معاملہ ان کے لیے جذباتی طور پر بھی اہم ہے۔روہت پوار نے منسے سے مطالبہ کیا کہ مراٹھی شناخت کے لیے مسلسل آواز اٹھانے والی یہ جماعت اجیت پوار کے معاملے میں بھی پارٹی اور کارکنان کے ذریعے ساتھ دے۔ ان کے مطابق راج ٹھاکرے نے یقین دہانی کرائی کہ وہ دادا کے ساتھ کھڑے ہیں اور انصاف کے لیے ضروری اقدامات کریں گے۔اس ملاقات کے بعد سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں کہ آنے والے دنوں میں اس مسئلے پر نئی سیاسی صف بندیاں دیکھنے کو مل سکتی ہیں اور منسے کے آئندہ موقف پر سب کی نظریں مرکوز ہیں۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے