
مدھیہ پردیش میں وقت سے پہلے گرمی بڑھنے لگی، کئی شہروں میں پارہ 35 ڈگری سے تجاوز
۔ ریاست میں 2 مارچ سے پھر بدلے گا موسم کا مزاج
بھوپال، 27 فروری (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں گرمی نے اچانک رفتار پکڑ لی ہے۔ ریاست کے کئی شہروں میں دن کا درجہ حرارت 35 ڈگری سیلسیس کے پار پہنچ گیا ہے، جس سے اپریل جیسی گرمی کا احساس ہونے لگا ہے۔ وہیں رات کے درجہ حرارت میں بھی اتار چڑھاو جاری ہے۔ کچھ جگہوں پر سردی برقرار ہے تو کئی شہروں میں کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سے اوپر درج کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، 2 مارچ سے ایک نیا ویسٹرن ڈسٹربنس فعال ہو سکتا ہے، جس کا اثر ریاست کے شمالی اضلاع میں دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ کچھ علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ حالانکہ مغربی ہندوستان میں فعال تین سائیکلونِک سرکولیشن کا اثر فی الحال مدھیہ پردیش پر نہیں پڑ رہا ہے۔ محکمے کے مطابق شمال مشرقی ہندوستان کے اوپر سطح سمندر سے 12.6 کلومیٹر کی بلندی پر تقریباً 176 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جیٹ اسٹریم ہوائیں چل رہی ہیں۔ اس کا اثر ریاست کے شمالی حصوں میں دیکھا جا رہا ہے، جہاں درجہ حرارت 30 ڈگری سے نیچے بنا ہوا ہے۔ وہیں بھوپال، اندور، اجین اور جبل پور ڈویژن کے بیشتر اضلاع میں دن کا درجہ حرارت 30 سے 34 ڈگری کے درمیان درج کیا گیا۔
جمعرات کو کھنڈوا اور کھرگون میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ بھوپال میں 32 ڈگری، اندور میں 33.1 ڈگری، گوالیار میں 32.6 ڈگری، اجین میں 33 ڈگری اور جبل پور میں 31.9 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت رہا۔ ریاست کے 30 سے زائد اضلاع میں پارہ 30 ڈگری سے تجاوز کرچکا ہے۔
ریاست میں رات کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ درج کیا جا رہا ہے، حالانکہ کچھ مقامات پر سردی برقرار ہے۔ کٹنی کے کروندی میں کم سے کم درجہ حرارت 8.8 ڈگری اور شہڈول کے کلیان پور میں 9.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ پچمڑھی میں پارہ 9.8 ڈگری رہا۔ دیگر بیشتر شہروں میں درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس سے اوپر رہا۔ بھوپال میں کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سیلسیس، اندور میں 14.6 ڈگری، گوالیار میں 14.5 ڈگری، اجین میں 14.5 ڈگری اور جبل پور میں 14.6 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ دھار میں سب سے زیادہ 17.7 ڈگری درجہ حرارت رہا۔ رتلام، نرسنگھ پور، ساگر، ٹیکم گڑھ اور نرمداپورم میں بھی رات کا پارہ 16 ڈگری سے اوپر درج ہوا۔ فی الحال، آج جمعہ کو موسم صاف رہنے کا امکان ہے اور کہیں بھی بارش کا الرٹ جاری نہیں کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن