
ناندیڑ ، 27 فروری (ہ س)۔ بی جے پی کے انتخابی وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے مقصد سے ناندیڑ شہر میں سو دن کے ایک جامع ایکشن پلان پر عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ اور موجودہ رکن پارلیمنٹ اشوک چوہان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس منصوبے کے تحت سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کا مجسمہ بھی نصب کیا جائے گا اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی بہتر فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی کی حکومت قائم ہونے اور میئر کویتا مولے و ڈپٹی میئر کے انتخاب کے بعد ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کیلئے ہدایات دی گئی تھیں۔ اسی سلسلے میں میونسپل کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار دوئیفوڑے نے سو دن کے اندر مکمل کیے جانے والے کاموں کا تفصیلی خاکہ تیار کیا ہے۔ اشوک چوہان نے واضح کیا کہ مقررہ مدت میں کام مکمل نہ کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔شہر میں صفائی کے مؤثر نظام، گوداوری ندی کو آلودگی سے بچانے، دو دن چھوڑ کر پانی کی وافر سپلائی، روینگر کوٹھا کے 2100 صارفین کو چوبیس گھنٹے پانی، جدید گیس شمشان گھاٹ کی تعمیر، پنیہ شلوک اہلیہ دیوی ہولکر کی یادگار، کسان کے مجسمہ کی تنصیب، نمسکار چوک کی ازسر نو تعمیر، ہفتہ واری بازار میں بیت الخلا، خودکار ٹریفک سگنل، خطرناک بجلی لائنوں کو زیر زمین کرنے، چوہتر خدمات آن لائن کرنے اور اہم مقامات پر سی سی ٹی وی نصب کرنے جیسے اقدامات اس منصوبے کا حصہ ہیں۔شیواجی نگر کے کستوربا گاندھی ماتر سیوا مرکز میں ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس کیلئے خصوصی کمرہ قائم کیا جائے گا جبکہ اسکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے اور شہر میں دس ہزار درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ تجاوزات کے خاتمے کی مہم بھی چلائی جائے گی۔شہر میں بس سروس نہ ہونے سے عوام کو ہونے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے اشوک چوہان نے کہا کہ ناگپور کی طرح ناندیڑ میں بھی الیکٹرک بسیں چلانے کیلئے مرکزی وزیر نتن گڈکری سے درخواست کی جائے گی تاکہ آمد و رفت کا مسئلہ حل ہو سکے۔انہوں نے اس ایکشن پلان پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدم بی جے پی کے انتخابی منشور کو حقیقت میں بدلنے کی سمت میں اہم پیش رفت ہے۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے