
بلاس پور، 27 فروری (ہ س) چھتیس گڑھ کے بلاس پور ضلع میں جمعرات کی رات دیر گئے ایک المناک سڑک حادثے میں چار لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔ یہ حادثہ سکری تھانہ علاقہ کے تحت قومی شاہراہ پر سمبل پوری کے قریب پیش آیا، جہاں غلط سمت سے آنے والے ایک تیز رفتار ٹریلر نے اسکارپیو گاڑی کو ٹکر مار دی۔
پولیس کے مطابق اسکارپیو میں سوار افراد دوپہر کے کھانے کے لیے قریبی ریسٹورنٹ گئے تھے۔ واپسی کے دوران غلط سمت سے آنے والے ٹریلر نے گاڑی کو ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ اسکارپیوکے پرخچے اڑگئے اور مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ چار افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
مرنے والوں کی شناخت چھترپال راترے، وشال لہرے، انمول لہرے اور دیویندر میری کے طور پر کی گئی ہے۔ شدید زخمی ٹیچر چندر پرکاش راترے کو فوری طور پر سمس اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا، جہاں ان کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سکری پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ جمعہ کو پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں لواحقین کے حوالے کر دی گئیں۔
ہولناک سڑک حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں واضح طور پر حادثے کی ہولناکی دکھائی دے رہی ہے۔ پولیس نے ٹریلر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور حادثے کی وجہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی