

منگن (سکم)، 26 فروری (ہ س)۔ وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ نے جمعرات کو شمالی سکم میں چنگتھانگ-لاچین روڈ سیکشن پر اہم رابطہ بحال کرتے ہوئے نو تعمیر شدہ تارام- چو اسٹیل پل کا افتتاح کیا۔
وزیر مملکت برائے دفاع دو روزہ سرکاری دورے پر جمعرات کو سکم پہنچے۔ پہلے دن انہوں نے شمالی سکم میں نئے تعمیر شدہ تارام چو اسٹیل پل کا افتتاح کیا۔ وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے تقریب گاہ پہنچے تھے ۔
سنجے سیٹھ نے اپنے خطاب میں مشکل جغرافیائی حالات اور خراب موسم کے باوجودبہت کم وقت میں پل کی تعمیر کو مکمل کرنے کے لئے بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) اور جنرل ریزرو انجینئر فورس (جی آر ای ایف ) کے اہلکاروں کی ستائش کی ۔ انہوں نے سکم کے وزیر اعلیٰ پریم سنگھ تمانگ اور ریاستی حکومت کا مسلسل تعاون اور تال میل کے لیے شکریہ ادا کیا۔
وزیر مملکت برائے دفاع نے کہا کہ یہ پل لاچن اور آس پاس کے علاقوں کے لوگوں کے لیے معمول کی زندگی بحال کرنے اور حساس سرحدی علاقے میں اسٹریٹجک نقل و حرکت کو مضبوط بنانے میں مددگار ہوگا۔ انہوں نے پروجیکٹ کے کامیاب نفاذ میں ضلع انتظامیہ کے تعاون کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت ریاست کے ترقیاتی اہداف کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
قبل ازیں، علاقے کے ایم ایل اے اور وزیر سامڈپ لیپچا نے شمالی سکم کے دورے اور پل کے افتتاح کے لیے وزیر مملکت برائے دفاع کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اکتوبر 2023 میں گلیشیل لیک آو¿ٹ برسٹ فلڈ (جی ایل او ایف) اور اس کے بعد آنے والی قدرتی آفات کی وجہ سے زندگی اور مواصلات پر پڑنے والے شدید اثرات کا ذکر کیا۔
ریاستی حکومت اور وزیر اعلیٰ کی جانب سے انہوں نے مشکل حالات میں جی آر ای ایف اوربی آر او کے اہلکاروں کی وقف خدمات کی تعریف کی۔
قابل ذکر ہے کہ جون 2024 میں شدید بارش، طوفانی سیلاب اور سائیکلون ریمل اور مئی-جون 2025 کے تباہ کن بادل پھٹنے سے شمالی سکم کے بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچاتھا۔ تارام -چو پربنے پل سمیت کئی اہم پلوں کے بہہ جانے سے لاچین کے رابطے کا نظام بری طرح متاثر ہوا تھا،جس سے سیاحت، ضروری اشیاءکی فراہمی اور اسٹریٹجک سرگرمیاں متاثر ہوگئی تھیں۔
تارام -چو پر 400 فٹ لمبا بیلی سسپنشن اسٹیل پل اور 28 کلومیٹر طویل چنگ تھانگ-لاچین سڑک کی بحالی کو تباہی کے بعد کی تعمیر نو کی کوششوں میں اہم کامیابیاں سمجھا جاتا ہے۔ اس پل کو ایک مضبوط اور پائیدار ڈھانچے کے طور پر تیار کیا گیا ہے، جس میں ہمالیہ کے بلند حالات، زلزلہ کی حساسیت اور پانی کے تیز بہاو¿ کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
اس بحالی سے چنگتھانگ اور لاچین کے درمیان لائف لائن پھر قائم ہو گئی ہے،جس سے شہریوں اور سیاحوں کی ہموار نقل و حرکت، ضروری اشیاءکی فراہمی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی صلاحیتیں اور قومی سلامتی سے متعلق لاجسٹکس مضبوط ہوئی ہے ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد