رمضان میں عبادت کے دوران مسلمانوں کو نشانہ بنائے جانے پر تشویش
شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی اور سیکیورٹی سے متعلق ایڈوائزری جاری کرنے کا مطالبہ نئی دہلی،26فروری ( ہ س )۔ انوار احمد انصاری، نائب صدر، انڈین نیشنل کانگریس (اقلیتی شعبہ) نے کہا ہے کہ مسلمانوں کا مقدس مہینہ رمضان المبارک جاری ہے، جس میں مسلم
رمضان میں عبادت کے دوران مسلمانوں کو نشانہ بنائے جانے پر تشویش


شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی اور سیکیورٹی سے متعلق ایڈوائزری جاری کرنے کا مطالبہ

نئی دہلی،26فروری ( ہ س )۔

انوار احمد انصاری، نائب صدر، انڈین نیشنل کانگریس (اقلیتی شعبہ) نے کہا ہے کہ مسلمانوں کا مقدس مہینہ رمضان المبارک جاری ہے، جس میں مسلمان روزہ، نماز اور عبادت میں مشغول رہتے ہیں اور اللہ تعالیٰ سے اپنی عبادات کی قبولیت کی دعا کرتے ہیں۔ ایسے پ±رامن مذہبی ماحول میں ملک کے مختلف حصوں سے یہ تشویشناک خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ بعض شرپسند عناصر تراویح کی نماز کے وقت مساجد کے باہر ہنگامہ آرائی اور شور و غوغا کر رہے ہیں، داڑھی اور ٹوپی پہننے والے مسلمانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اور انہیں مارپیٹ اور گالی گلوچ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بھی نہایت افسوسناک ہے کہ بعض مقامات پر روزے کی حالت میں نماز ادا کرنے والے افراد، حتیٰ کہ کھیتوں یا کھلے مقامات پر نماز پڑھنے والوں کو بھی ہراساں کیا جا رہا ہے۔ انوار احمد انصاری نے اس صورتحال پر گہری تشویش اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک سیکولر ملک میں اس طرح کی حرکات نہ صرف آئینی اقدار کے خلاف ہیں بلکہ ملک کے سماجی تانے بانے کو بھی کمزور کرنے کے مترادف ہیں۔

انہوں نے حکومتِ ہند، تمام ریاستی حکومتوں اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ایسے شرپسند عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے اور واضح ایڈوائزری جاری کی جائے کہ بھارت ایک ایسا ملک ہے جہاں مختلف مذاہب کے ماننے والے اپنے اپنے مذہب کے مطابق عبادت کرنے کا آئینی حق رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں کو نشانہ بنانا دراصل جمہوریت اور گنگا جمنی تہذیب پر حملہ ہے، جو اس خوبصورت باغ کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے جس میں ہر طرح کے پھول کھلتے ہیں۔

انوار احمد انصاری نے کہا کہ جہاں مسلمان صبر اور برداشت کا مظاہرہ کر رہے ہیں، وہیں حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ایسے عناصر پر فوری لگام لگائے، قانون و انتظام کو یقینی بنائے اور ملک میں مذہبی ہم آہنگی اور باہمی احترام کا ماحول برقرار رکھے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Md Owais Owais


 rajesh pande