
نئی دہلی، 26 فروری (ہ س)۔ انڈین یوتھ کانگریس کے صدر ادے بھانو چِب کی گرفتاری کے خلاف مظاہروں کے درمیان لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے مرکزی حکومت کے کام کاج پر سوال اٹھایا ہے۔ راہل گاندھی نے ایکس پوسٹ میں کہا کہ جمہوریت تب مضبوط ہوتی ہے جب حکومت تنقید کو سنتی ہے اور جواب دیتی ہے۔ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے اور سوال پوچھنا جمہوریت کا حصہ ہے۔ جمہوریت میں سوال پوچھنا اور اپنے خیالات کا اظہار کرنا شہریوں کا حق ہے۔ تنقید کو سننا اور اس کا جواب دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں پرامن احتجاج کو جرم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ مختلف مسائل پر آواز اٹھانے والے نوجوانوں، خواتین کھلاڑیوں، کسانوں اور دیگر کو کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے کو ملک دشمن سرگرمیوں سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔ راہل نے کہا کہ کئی مواقع پر نوجوانوں، خواتین کھلاڑیوں، کسانوں، قبائلیوں اور دیگر گروہوں نے اپنے حقوق اور مطالبات کے لیے پرامن طریقے سے آواز اٹھائی ہے، لیکن بات چیت کے بجائے ان کے مطالبات کو کارروائی سے پورا کیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ دہلی میں 16 سے 21 فروری تک منعقدہ اے آئی سمٹ کے دوران کارکنوں کے نیم عریاں احتجاج کے سلسلے میں انڈین یوتھ کانگریس کے کئی کارکنوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ یوتھ کانگریس کے صدر ادے بھانو چب کو بھی گرفتار کر لیا گیاتھا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی