
بارامتی ، 26 فروری (ہ س)۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (ایس پی) کے رکن اسمبلی روہت پوار جمعرات کو بارامتی پولیس اسٹیشن پہنچے اور سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے طیارہ حادثہ کے سلسلہ میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) اور متعلقہ فضائی کمپنی وی ایس آر وینچرس کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔
روہت پوار نے بتایا کہ انہوں نے بارامتی پولیس سے حادثہ کی تفصیلی جانچ اور ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست کی، تاہم پولیس نے انہیں مطلع کیا کہ معاملہ کی چھان بین جاری ہے اور ڈی جی سی اے نے کمپنی کے پانچ طیاروں کی پروازوں پر روک لگا دی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وی ایس آر کمپنی کے سات طیاروں میں سے دو حادثہ کا شکار ہو چکے ہیں اور انہی میں سے ایک میں اجیت پوار سفر کر رہے تھے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب کمپنی کے تمام طیارے خراب حالت میں تھے تو اجیت پوار کو وہ طیارہ کیوں فراہم کیا گیا۔ ان کے مطابق اس میں شبہ کی گنجائش ہے اور اس حادثہ کی محض تکنیکی نہیں بلکہ فوجداری زاویہ سے جانچ ہونی چاہیے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بااثر شخصیات اس معاملہ میں مجرمانہ جانچ نہیں ہونے دینا چاہتی ہیں جس کی وجہ سے ان کی ایف آئی آر درج نہیں کی جا رہی، حالانکہ قانون کے تحت انہیں شکایت درج کرانے کا حق حاصل ہے اور وہ اس کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
شیوسینا (یو بی ٹی) کے ترجمان سنجے راؤت نے کہا کہ حادثہ پر اب شکوک پیدا ہو رہے ہیں اور اگر روہت پوار ایف آئی آر درج کرانا چاہتے ہیں تو اس میں کوئی غلط بات نہیں۔ انہوں نے نائب وزیر اعلیٰ سنیترہ پوار کو مشورہ دیا کہ وہ اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس سے بات کریں۔
دوسری جانب نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے وی ایس آر کے کسی بھی طیارہ میں سفر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شیوسینا شندے گروپ کے رکن اسمبلی ارجن کھوتکر نے کہا کہ جانچ کا مطالبہ درست ہے لیکن قانون و نظم پر اس کا اثر نہیں پڑنا چاہیے۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی اتل بھاتکھلکر نے کہا کہ روہت پوار کو اس معاملہ پر سیاست نہیں کرنی چاہیے اور ڈی جی سی اے و سی آئی ڈی کی جانچ رپورٹ کا انتظار کرنا چاہیے۔
سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی 28 جنوری کو صبح بارامتی میں طیارہ حادثہ میں موت ہو گئی تھی۔ اس معاملہ میں ڈی جی سی اے کی جانچ جاری ہے جبکہ ریاستی حکومت نے سی آئی ڈی جانچ کا اعلان کیا ہے اور سی بی آئی تحقیقات کے لیے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو مکتوب بھی ارسال کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے