
حیدرآباد، 26 فروری (ہ س)۔ بی آرایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آرنے تلنگانہ میں’قاتلانہ سیاست‘عام ہوجانے کاالزام عائدکرتے ہوئے ضلع ناگرکرنول کے کمیراملناجاترامیں دوماہ کے معصوم بچے کی ہلاکت پرشدید برہمی کااظہارکیا۔ معصوم کی ماں کی جانب سے کئے جانے والےاحتجاج میں حصہ لیا۔متاثرہ خاندان سے ملاقات کی اوراپنی مکمل حمایت کایقین دلایا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کے ٹی آرنے استفسارکیاکہ دو ماہ کے معصوم بچے کاآخرگناہ کیاتھا۔انہوں نے کہا کہ کمیراجاترامیں پیش آنے والایہ واقعہ انسانیت پربدنماداغ ہےاوراس کوسیاست کی نذرنہیں کیاجاناچاہئے جب تک متاثرہ خاندان کو انصاف نہیں مل جاتاوہ ان کی جدوجہد میں ساتھ کھڑے رہیں گے۔انہوں نے اپیل کی کہ معصوم کی جان لینے والوں کاساتھ نہ دیاجائے اورذات پات کے نام پرحملہ کرنے والوں کوسخت سے سخت سزادی جائے۔ کے ٹی آرنے الزام لگایاکہ اس معاملے میں پولیس کامتاثرہ خاندان کاساتھ نہ دیناافسوسناک ہے اورقاتلوں کومکمل تحفظ فراہم کیاجارہاہے،جوسارے نظام کے لئے شرم کی بات ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارامعاشرہ ترقی کی بات کرتاہے لیکن اگرذات کے نام پرمعصوم جانیں لی جارہی ہیں تویہ سنگین ظلم ہے۔ کیادوماہ کا بچہ ذات یا مذہب جانتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ اس معصوم کی پوری زندگی چھین لی گئی ہے۔ کے ٹی آر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کروائی جائیں اور ذمہ دار افراد کو فوری گرفتار کرتے ہوئے انہیں سخت سے سخت سزا دی جانی چاہئے خواہ ان کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے کیوں نہ ہو۔ ساتھ ہی انہوں نے مقتول کے خاندان کو ایک کروڑ روپے معاوضہ اور ایک سرکاری ملازمت فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق