
علی گڑھ, 26 فروری (ہ س)اے ایم یو کے محمد حبیب ہال کے کریئر کاؤنسلنگ سیل نے کیمپس کی زندگی میں جذباتی و ذہنی صحت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ذہنی صحت بیداری پروگرام منعقد کیا۔ افتتاحی کلمات میں ہال کے پرووسٹ پروفیسر محمد شمیم، شعبہ کامرس نے جذباتی استحکام اور تعلیمی کامیابی کے درمیان گہرے تعلق پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ذہنی صحت سے متعلق مسائل پر کھل کر بات کریں اور دستیاب معاونتی نظام سے بلا جھجھک فائدہ اٹھائیں۔
استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے سینئر ہال مسٹر آصف ادیب نے کہا کہ رہائشی مقامات کو صرف تعلیمی برتری ہی نہیں بلکہ ہمدردی، تعاون اور باہمی سمجھ بوجھ کو بھی فروغ دینا چاہیے۔
علمی نشستیں شعبہ نفسیات کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر آصف حسن اور ریسرچ اسکالر مسٹر محسن کے نے منعقد کیں۔ ڈاکٹر حسن نے طلبہ کو پیش آنے والے عام نفسیاتی مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پیشہ ورانہ مدد حاصل کرنا پختگی اور مضبوطی کی علامت ہے۔ مسٹر محسن کے نے عملی طور پر اپنانے کے قابل حکمت عملیوں، ذہنی دباؤ سے نمٹنے کے طریقے اور مضبوط ذہنی صلاحیت پیدا کرنے میں باہمی تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
وارڈن ڈاکٹر اسلم خان، ڈاکٹر کامران خان، ڈاکٹر رئیس الاسلام اور ڈاکٹر سبیر پی ایم نے طلبہ کی فلاح و بہبود کے لیے ہال کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں کوئی بھی طالب علم خود کو تنہا محسوس نہ کرے۔ آخر میں مسٹر مظہر نے اظہار تشکر کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ