
امپھال، 26 فروری (ہ س)۔ منی پور میں عسکریت پسندوں کے خلاف پولیس اور سیکورٹی فورسز کی پکڑ دھکڑ کی مہم ریاست کے مختلف حصوں میں جاری ہے۔ اس تسلسل میں عسکریت پسند تنظیم کے سی پی (ایم ایف ایل) سے سازباز کرنے کے الزام میں ایک پولیس کانسٹیبل ڈرائیور، عسکریت پسند تنظیم پریپاک کے کیڈر اور اس کی ساتھی نیز ایک آر پی ایف/پی ایل اے کیڈر کو گرفتار کیا گیا ہے۔
منی پور پولیس ہیڈکوارٹر کی جانب سے آج دی گئی معلومات کے مطابق منی پور پولیس کے ایک کانسٹیبل ڈرائیور کونگکھم سناجوبا سنگھ عرف ایبومچا (43) کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ایبومچا کو بشنو پور ضلع کے نریندر تھانہ کے تحت اٹلو چانورا سے گرفتار کیا گیا ہے۔ منی پور پولیس کے محکمے میں خدمات انجام دینے کے باوجود گرفتار کردہ شخص کو کے سی پی (ایم ایف ایل) کے فعال رکن کے طور پر کیڈروں کی بھرتی میں شامل پایا گیا۔
دوسری کارروائی میں سیکورٹی فورسز نے جبری وصولی کرنے والی عسکریت پسند تنظیم پریپاک کے فعال رکن ناہکپام شیبانند سنگھ عرف اموتھوئی (32) کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم کو امپھال ویسٹ ضلع کے سنگڈمیئی تھانہ کے تحت علاقے سے گرفتار کیا گیا۔
اس کے ایک ساتھی، جس نے وصولی کی رقم کے لین دین میں اس کی مدد کی، امپھال ویسٹ ضلع کواکیتھیل نگانپیتھونگ مپال کی رہائشی دیویا مونگجام (29) کو بھی ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔ ان کے پاس سے دو موبائل فون، ایک آئی پیڈ اور ایک آدھار کارڈ ضبط کیا گیا۔
تیسری مہم میں سیکورٹی فورسز نے آر پی ایف/پی ایل اے کے ایک فعال کیڈر چنگکھام راکی سنگھ عرف سنتھوئی عرف ایپومبا (38) کو گرفتار کیا۔ ملزم تھوبل ضلع کے سیکمائی تھانہ علاقے کا رہائشی بتایا گیا ہے۔ اس کے پاس سے ایک موبائل فون اور سم کارڈ ضبط کیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز اضلاع کے اندرونی اور حساس علاقوں میں تلاشی مہم اور ایریا کنٹرول جاری رکھے ہوئے ہیں۔ منی پور کے مختلف اضلاع میں پولیس نے بدھ کو پہاڑوں اور وادی دونوں میں کل 115 ناکے اور چیک پوائنٹ قائم کیے تھے، حالانکہ کسی کو بھی حراست میں نہیں لیا گیا۔
نیشنل ہائی وے-37 پر ضروری سامان لے جانے والی 199 گاڑیوں کی آمدورفت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ تمام حساس مقامات پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور گاڑیوں کی آزادانہ اور محفوظ آمدورفت کو یقینی بنانے کے لیے حساس راستوں پر سیکورٹی قافلہ فراہم کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن