
شمالی بنگال، 26 فروری (ہ س)۔ شمالی بنگال کے تین بڑے اضلاع جنوبی دیناج پور، کوچ بہار اور جلپائی گوڑی میں جمعرات کی دوپہر ای میل کے ذریعے بم کی دھمکی ملنے سے بڑے پیمانے پر کھلبلی مچ گئی ۔
معلومات کے مطابق ریاست کے 19 پاسپورٹ مراکز کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی، جس کے بعد پولیس اور انتظامیہ ہائی الرٹ ہوگئی۔جنوبی دیناج پور ضلع کے بالورگھاٹ پوسٹ آفس میں دوپہر تقریباً 12 بجے کلکتہ ریجنل آفس سے الرٹ پیغام موصول ہوتے ہی ملازمین اور صارفین میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسران کی قیادت میں بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پورے احاطے کو خالی کرانے کے بعد تلاشی مہم شروع کر دی گئی۔ بم ڈسپوزل ٹیم بھی تحقیقات میں مصروف ہے۔
بالورگھاٹ واقعہ کے فوراً بعد کوچ بہار پوسٹ آفس میں بھی بم کی دھمکی کی خبر پھیل گئی۔ کوتوالی تھانے کی پولیس نے احتیاط کے طور پر پوسٹ آفس کو خالی کرایا اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ مصروف اوقات کے دوران موصول ہونے والی دھمکی نے شہر میں خوف و ہراس پھیلا دیا اور خدمات کو عارضی طور پر معطل کرنا پڑا۔
اسی طرح کے ایک واقعہ میں، جلپائی گوڑی پوسٹ آفس کو بھی دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی۔ پولیس میٹل ڈیٹیکٹر اور اسنیفر ڈاگ کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچی اور ایک گھنٹے تک تلاشی لی۔ تاہم کوئی مشکوک چیز نہ ملنے کے بعد صورتحال کو نارمل قرار دے کر کام دوبارہ شروع کر دیا گیا۔
سکیورٹی ایجنسیاں فی الحال ای میل کے ذریعہ اور اس کے پیچھے ممکنہ سازش کے بارے میں مکمل تحقیقات کر رہی ہیں۔ ابتدائی طور پر یہ شرپسند عناصر کا کام سمجھا جا رہا ہے تاہم پولیس تمام پہلوو¿ں کو مدنظر رکھ کر تفتیش کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد