
بنگلورو، 09 جنوری (ہ س)۔ کرناٹک کے سابق وزیر اعلی اور ایم پی بسواراج بومئی نے وکست بھارت گارنٹیڈ ایمپلائمنٹ اینڈ لائیولی ہڈ مشن (دیہی) (وی بی جی جی رام جی) اسکیم کی مخالفت کرنے پر کانگریس پر حملہ کیا ہے۔
بنگلورو میں بی جے پی کے دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بسواراج بومئی نے کہا کہ یہ اسکیم گرام پنچایتوں کو زیادہ اختیارات دیتی ہے، جس کا براہ راست فائدہ دیہی مزدوروں کو ہوگا، لیکن کانگریس ایک سازش کے تحت اس کی مخالفت کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وی بی جی جی رام جی اسکیم کے تحت کام کے دنوں کی تعداد 100 سے بڑھا کر 125 کردی گئی ہے جس سے دیہی کارکنوں کو اضافی روزگار مل رہا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اس اسکیم کے تحت گرام پنچایتوں کو مزدوروں اور غیر مزدوروں کی فہرستیں مرتب کرنے، دیہی ترقی کے منصوبے بنانے، اسکیموں کو نافذ کرنے اور یہاں تک کہ اجرت ادا کرنے کا مکمل اختیار دیا گیا ہے۔
گرام پنچایتوں کے اختیارات کو کم کرنے کے کانگریس کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بومئی نے کہا کہ بل کی دفعہ 16 گرام پنچایتوں کو مکمل اختیارات دیتا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کانگریس پنچایتوں کو اختیارات دینے کی مخالفت کیوں کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم ترقی یافتہ ہندوستان کے تصور کے تحت گرام راجیہ - رام راجیہ بنانے کے مقصد سے تیار کی گئی ہے۔ بومئی نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت اسکول کے کلاس رومز کی تعمیر کے لیے بھی انتظامات کیے گئے ہیں اور کرناٹک میں تقریباً 30,000 اسکول کلاس رومز کی تعمیر متوقع ہے۔ مزید برآں، درمیانی لوگوں کے کردار کو ختم کرنے کے لیے آدھار سیڈنگ اور ڈیجیٹلائزیشن کو لاگو کیا گیا ہے۔
پہلے اجرت کی اسکیموں میں بے قاعدگیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کالو اجرت اسکیم میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں ہوئی تھیں، جس پر گلبرگہ اور بیلگام میں سی بی آئی انکوائری کی گئی تھی۔
بومائی نے کہا کہ یہ اسکیم آئین کی 73ویں ترمیم کا مکمل نفاذ ہے۔ انہوں نے ویلج کونسل ممبران سے اپیل کی کہ وہ بل کو غور سے پڑھیں اور اسے دیہی لوگوں کے فائدے کے لیے استعمال کریں۔ اس اسکیم کو کانگریس کے عدالتی چیلنج کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس سے پارٹی کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگا۔
پروجیکٹ کے نام پر کانگریس کے اعتراض کا جواب دیتے ہوئے، بومئی نے کہا، پہلے ہی سے 80 فیصد پروجیکٹوں کا نام نہرو-گاندھی خاندان کے نام پر رکھا گیا ہے۔ انتخابات میں گاندھی کے نام کا غلط استعمال کیا گیا ہے۔ گاندھی کو رام سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ اس پروجیکٹ کا نام رام کے نام پر رکھا گیا ہے، یہ گاندھی کی روح کو خوش کرے گا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی