
ناہن، 9 جنوری (ہ س)۔ ہماچل پردیش کے سرمور ضلع کے ہری پوردھار، پچھاد سب ڈویژن میں آج دوپہر ایک پرائیویٹ بس بے قابو ہوکر گہری کھائی میں گر گئی۔ حادثے میں آٹھ افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہو گئے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق نجی بس شملہ سے راج گڑھ کے راستے کپوی جا رہی تھی۔ یہ اچانک کنٹرول کھو بیٹھی اور ہری پور دھار کے قریب گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ، پولیس اور مقامی لوگ جائے وقوعہ پر پہنچے اور راحت اور بچاؤ کا کام شروع کیا۔
زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے راج گڑھ اسپتال بھیجا جا رہا ہے۔ شدید زخمی مسافروں کو ناہن میڈیکل کالج اور داداہو اسپتال میں علاج کی فراہمی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
صنعت کے وزیر ہرش وردھن چوہان نے ناہن میں واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اب تک سرکاری اطلاع موصول ہوئی ہے کہ آٹھ افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بس میں سوار مسافروں کی کل تعداد کا پتہ لگایا جا رہا ہے، اور راحت اور بچاؤ کام ابھی بھی جاری ہے۔ وزیر نے حادثے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ ٹھاکر سکھوندر سنگھ سکھو نے بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کی ہر ممکن مدد کی جائے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی خواہش کی۔
وزیراعلیٰ نے مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی اور سوگوار خاندانوں کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی طاقت دینے کی خواہش کی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی