
نئی دہلی، 9 جنوری (ہ س)۔
سرمائی اجلاس کے پانچویں اور آخری دن جمعہ کو بھی دہلی اسمبلی میں ہنگامہ جاری رہا۔ اسمبلی اسپیکر وجیندر گپتا نے عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے چار ارکان کو ایوان کے ضابطے کی خلاف ورزی کرنے پر موجودہ اجلاس کے بقیہ وقت کے لیے معطل کردیا۔
اسمبلی اسپیکر گپتا نے کہا کہ اپوزیشن پارٹی کے ارکان سوم دت، جرنیل سنگھ، سنجیو جھا، اور کلدیپ کمار کو ایوان کی کارروائی میں مسلسل خلل ڈالنے اور ایوان کے ضابطے کی خلاف ورزی کی وجہ سے موجودہ اجلاس کے بقیہ حصے کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ ایوان کے وقار، نظم و ضبط اور حقوق کے تحفظ کے لیے اور اسمبلی کے طریقہ کار اور طرز عمل کے قواعد کی دفعات کے مطابق کیا گیا۔
یہ دوسری بار ہے جب عام آدمی پارٹی کے ان چار ارکان کو اس اجلاس سے معطل کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے، پیر (5 جنوری) کو، سیشن کے پہلے دن، لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کے خطاب کے دوران ہنگامہ کرنے پر انہیں تین دن کے لیے معطل کر دیا گیا تھا۔ اسمبلی کا سرمائی اجلاس 5 سے 8 جنوری تک چلنا تھا لیکن ایک دن بڑھا کر 9 جنوری کر دیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ