اندور میں سڑک حادثے میں سابق وزیر داخلہ بالا بچن کی بیٹی اور کانگریس ترجمان کے بیٹے سمیت تین ہلاک
اندور میں سڑک حادثے میں سابق وزیر داخلہ بالا بچن کی بیٹی اور کانگریس ترجمان کے بیٹے سمیت تین ہلاک بھوپال، 09 جنوری (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے اندور میں خوفناک سڑک حادثے میں سابق وزیر داخلہ بالا بچن کی بیٹی پریرنا بچن اور کانگریس کے ریاستی ترجمان آنند
مدھیہ پردیش کے سابق وزیر داخلہ کی بیٹی سڑک حادثے کا شکار، پارٹی سے لوٹتے وقت ہوا حادثہ، موت


اندور میں سڑک حادثے میں سابق وزیر داخلہ بالا بچن کی بیٹی اور کانگریس ترجمان کے بیٹے سمیت تین ہلاک

بھوپال، 09 جنوری (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے اندور میں خوفناک سڑک حادثے میں سابق وزیر داخلہ بالا بچن کی بیٹی پریرنا بچن اور کانگریس کے ریاستی ترجمان آنند کاسلیوال کے بیٹے سمیت تین لوگوں کی موت ہو گئی، جبکہ ایک لڑکی شدید طور پر زخمی ہے۔ حادثے نے سیاسی اور سماجی حلقوں کو جھنجھوڑ دیا ہے۔

مدھیہ پردیش کے اندور کی سڑکوں پر ایک بار پھر تیز رفتار کا قہر دیکھنے کو ملا۔ سالگرہ کی پارٹی کی خوشیوں کے ساتھ نکلے دوستوں کا سفر کبھی نہ لوٹنے والے المیے میں بدل گیا۔ رالا منڈل بائی پاس پر ہوئے شدید سڑک حادثے میں سابق وزیر داخلہ بالا بچن کی بیٹی پریرنا بچن، کانگریس کے ریاستی ترجمان آنند کاسلیوال کے بیٹے پرکھر کاسلیوال اور مانسمرن سندھو کی دردناک موت ہو گئی، جبکہ ایک لڑکی شدید طور پر زخمی ہے۔

پرکھر کاسلیوال کی جمعرات کو سالگرہ تھی اور اسی خوشی میں دوستوں نے کناڈیا بائی پاس واقع کوکو فارم پر پارٹی منعقد کی تھی۔ پارٹی کے بعد سبھی دوست انووا کار سے لوٹ رہے تھے۔ رالا منڈل سے وجے نگر کی طرف جاتے وقت ان کی کار تیز رفتار میں تھی اور سڑک پر کھڑے ایک ٹرک میں پیچھے سے جا گھسی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار کے پرخچے اڑ گئے اور موقع پر ہی چیخ و پکار مچ گئی۔

حادثے میں سابق وزیر داخلہ بالا بچن کی سب سے چھوٹی بیٹی پریرنا بچن، کانگریس کے ریاستی ترجمان آنند کاسلیوال کے اکلوتے بیٹے پرکھر کاسلیوال اور تیسرے نوجوان مانسمرن سندھو کی موت ہو گئی۔ کار میں سوار ایک دیگر نوجوان لڑکی انوشکا شدید طور پر زخمی ہو گئی، جسے فوراً ایم وائی اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق انوشکا کے سر اور چھاتی میں شدید چوٹیں آئی ہیں، حالانکہ فی الحال اس کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے وقت کار کی رفتار کافی تیز تھی۔ پولیس کی ابتدائی جانچ میں سامنے آیا ہے کہ کار کی اسپیڈ 100 کلومیٹر فی گھنٹے سے زیادہ تھی۔ ٹرک غالباً تکنیکی خرابی کے سبب سڑک کنارے کھڑا تھا۔ اندھیرا، تیز رفتار اور اچانک سامنے آئے ٹرک کے سبب ڈرائیور کو سنبھلنے کا موقع نہیں ملا اور کار سیدھے ٹرک کے پچھلے حصے میں جا گھسی۔ ٹکر کے بعد آس پاس کے لوگ دوڑ پڑے اور زخمیوں کو باہر نکال کر اسپتال پہنچایا۔

25 سالہ پریرنا بچن اندور میں رہ کر پڑھائی کر رہی تھیں اور سماجی سرگرمیوں میں سرگرم رہتی تھیں۔ پرکھر کاسلیوال محض 21 سال کے تھے اور یوتھ کانگریس سے جڑے ہوئے تھے۔ وہ پڑھائی کے ساتھ ساتھ سیاست میں بھی دلچسپی رکھتے تھے۔ تیسرے مہلوک مانسمرن سندھو کی عمر تقریباً 23 سال تھی، جو اندور میں رہ کر نوکری کر رہے تھے۔ اس حادثے سے تینوں خاندان گہرے صدمے میں ہیں۔

سابق وزیر داخلہ بالا بچن کی بیٹی کی موت کی اطلاع پر کانگریس کے سینئر رہنما، عہدیداران اور بڑی تعداد میں کارکنان ایم وائی اسپتال کے پوسٹ مارٹم روم پہنچے۔ پوسٹ مارٹم کے عمل کے دوران پورے احاطے میں سوگ اور سناٹا چھایا رہا۔ آنند کاسلیوال اپنے بیٹے کی موت سے پوری طرح ٹوٹے ہوئے نظر آئے۔ اہل خانہ کا رو رو کر برا حال ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے سوشل میڈیا کے ذریعے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پریرنا ایک ہونہار اور حساس نوجوان لڑکی تھیں، ان کا یوں بے وقت جانا بے حد افسوسناک ہے۔ یہ انتہائی دلخراش واقعہ ہے۔ میری ہمدردی بالا بچن کے خاندان کے ساتھ ہے۔ ایشور آنجہانیوں کی روح کو اپنے قدموں میں جگہ دے اور خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت عطا کرے۔

کانگریس کے ریاستی صدر جیتو پٹواری نے بھی اسپتال پہنچ کر اہل خانہ کو صبر کی تلقین کی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے بھی اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کلکٹر کو متاثرہ خاندانوں کو فوراً مالی مدد فراہم کرانے کی ہدایت دی۔ لیڈر حزب اختلاف امنگ سنگھار نے لکھا- ’’مدھیہ پردیش حکومت کے سابق وزیر داخلہ، بالا بچن کی صاحبزادی پریرنا کا شدید سڑک حادثے میں بے وقت انتقال انتہائی دلخراش ہے۔ گھر کی بیٹی کا یوں اچانک چلے جانا پورے خاندان کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ایشور سے پرارتھنا ہے کہ وہ سوگوار خاندان کو یہ ناقابل برداشت دکھ سہنے کی طاقت دے اور آنجہانی کی روح کو اپنے شری چرنوں میں جگہ دیں۔‘‘

پولیس نے اس معاملے میں کیس درج کر کے جانچ شروع کر دی ہے۔ ٹریفک پولیس حادثے کی وجوہات کی گہرائی سے پڑتال کر رہی ہے۔ کار کا اسپیڈومیٹر 120 کلومیٹر فی گھنٹے پر پھنسا ملا ہے، جس سے تیز رفتار کی تصدیق ہوتی ہے۔ پولیس شراب نوشی یا نیند کے اثر کی بھی جانچ کر رہی ہے۔ اس کے لیے پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور اس کے دستاویزات کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں مہلوکین کی آخری رسومات ہفتہ کو ہوں گی۔ اس کی تیاری کی جا رہی ہے۔ پورے شہر میں غم کی لہر ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande