
نوی ممبئی، 8 جنوری (ہ س)۔ امبرناتھ میونسپل کونسل کے نو منتخب 12 کانگریس کارپوریٹروں نے جمعرات کو باضابطہ طور پر بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس سیاسی پیش رفت نے نہ صرف کانگریس کو کاری ضرب لگائی بلکہ 59 رکنی بلدیاتی ادا
رے میں طاقت کا توازن بھی مکمل طور پر بدل کر رکھ دیا۔ بی جے پی میں شمولیت کا یہ عمل نوی ممبئی کے علاقائی دفتر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں انجام پایا، جس میں ریاستی وزرا گنیش نائک، سنجیو نائک اور دیپیش مہاترے شریک ہوئے، جبکہ ریاستی بی جے پی صدر رویندر چوہان نے صدارت کی۔
کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والوں میں پردیپ نانا پاٹل، درشنا اومیش پاٹل، ارچنا چرن پاٹل، ہرشدا پنکج پاٹل، تیجسوینی ملند پاٹل، وپل پردیپ پاٹل، منیش مہاترے، دھن لکشمی جے شنکری، سنجیوانی راہل دیودے، دنیش گائیکواڑ، کرن بدریناتھ راٹھوڑ اور کبیر نریش گائیکواڑ کے نام شامل ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے فوری بعد ہونے والی اس بغاوت کے نتیجے میں کانگریس کی بلدیاتی موجودگی تقریباً ختم ہو گئی ہے۔
عیاں ریے کہ ، بدھ کی رات ، کانگریس نے پارٹی ہدایت کے خلاف جا کر بی جے پی کے ساتھ اتحاد کی حمایت کرنے پر تمام 12 کارپوریٹروں کو معطل کر دیا۔ ریاستی کانگریس صدر ہرش وردھن سپکال کی ہدایت پر نائب صدر گنیش پاٹل نے نہ صرف ان کارپوریٹروں کے خلاف کارروائی کی بلکہ امبرناتھ بلاک کانگریس صدر پردیپ پاٹل کو بھی معطل کرتے ہوئے پورے بلاک ایگزیکٹو کو تحلیل کر دیا۔ پارٹی قیادت نے اس اقدام کو ریاستی اجازت کے بغیر کیا گیا ’’غلط سیاسی قدم‘‘ قرار دیا۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے