
15 جنوری 2026 کو بلدیاتی انتخابی علاقوں میں ووٹنگ کے لیے عام تعطیل، بینکوں اور عوامی اداروں پر بھی اطلاقممبئی، 8 جنوری (ہ س)۔ ریاست میں واقع 29 میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات کے لیے 15 جنوری 2026 بروز جمعرات ووٹنگ مقرر کی گئی ہے۔ اس پس منظر میں ریاستی حکومت نے متعلقہ میونسپل کارپوریشن انتخابی علاقوں میں اسی دن عوامی تعطیل نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن شائع کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ عوامی تعطیل تمام سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر، کارپوریشنز، بورڈز اور متعلقہ اداروں پر لاگو ہوگی جو مختلف محکموں کے انتظامی کنٹرول میں آتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان ووٹروں کو بھی اس تعطیل کا فائدہ حاصل ہوگا جو اپنے انتخابی حلقے سے باہر ملازمت یا دیگر کاموں کے سلسلے میں مقیم ہیں۔ریاستی حکومت کے مطابق میونسپل کارپوریشن علاقوں میں واقع مرکزی حکومت کے دفاتر، عوامی شعبے کے ادارے، بینک اور دیگر متعلقہ اسٹیبلشمنٹس بھی اس عوامی تعطیل کے دائرے میں شامل رہیں گے۔ جن میونسپل کارپوریشن علاقوں میں تعطیل نافذ رہے گی ان میں برہن ممبئی، تھانے، نوی ممبئی، الھاس نگر، کلیان–ڈومبیولی، بھیونڈی–نظام پور، میرا–بھایندر، وسئی–ویرار، پنویل، ناسک، مالیگاؤں، احمد نگر، جالنہ، دھولیہ، پونے، پمپری–چنچوڑ، شولاپور، کولہا پور، اچلکرنجی، سانگلی–مرج–کپواڈ، اورنگ آباد، نانڈیڑ–واگھالا، پربھنی، جالنہ، لاتور، امراوتی، اکولہ، ناگپور اور چندرپور شامل ہیں۔انتظامیہ نے تمام ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ 15 جنوری 2026 کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جمہوریت کے تہوار میں سرگرمی سے حصہ لیں اور اپنے حق رائے دہی کا بھرپور استعمال کریں۔ ہندوستھان سماچار--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے